کراچی (عبدالماجد بھٹی) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں جنوبی افریقا نے افغانستان کو باآسانی107 رنز سے شکست دے دی۔ چھ مسلسل ون ڈے ہارنے کے بعد جنوبی افریقا کی ناکامیوں کو بریک لگا، اسے پہلی کامیابی ملی۔ ریان ریکلٹن نے سنچری اسکور کی۔ ناکام ٹیم 43.3اورز میں208رنز بناکر آئوٹ کلاس ہوگئی۔ رحمت شاہ 90رنز بناکر سب سے آخر میں آئوٹ ہوئے، انہوں نے 92گیندیں کھیلیں ، 9چوکے اور ایک چھکا مارا۔ کیگسو ربادا نے36رنز دے کر تین، انگیدی اورمولڈر نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ نیشنل اسٹیڈیم میں پندرہ ہزار کے قریب تماشائیوں میں اکثریت افغانوں کی تھی لیکن انہیں سخت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ۔ افغانستان کی بیٹنگ لائن بری طرح لڑکھڑائی ۔ 23ویں اوور میں89رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی تھی۔ انگیدی نے دس کے انفرادی اسکور پر رحمان اللہ گرباز کو آئوٹ کردیا۔ ابراہیم زدران کو17رنز پر ربادا نے بولڈ کردیا۔ صدیق اللہ 16، کپتان حشمت اللہ شاہدی صفر، عظمت اللہ عمر زئی 18، محمد نبی8 ، گلبدین نائب 13رنز بناسکے۔ راشد خان نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے18رنز بنائے۔ قبل ازیں جنوبی افریقا کے کپتان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اورچھ وکٹ پر316رنز بنائے۔ ریان ریکلٹن نے ساتویں ون ڈے میں پہلی سنچری بنائی۔ انہوں نے106گیندوں پر103 رنز ایک چھکا اور سات چوکوں کی مدد سے اسکور کیے۔ ڈینجر مین راشد خان کے دس اوور ز میں59رنز بنے۔ وہ وکٹ حاصل نہ کرسکے۔ اننگز کے آغاز میں محسوس ہو رہا تھا کہ جنوبی افریقا کا یہ فیصلہ غلط ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ پروٹیز کو پہلا نقصان صرف 28 رنز پر ہوا، جب ٹوبی ڈی زورزی 11 رنز بناکر محمد نبی کی گیند پر کپتان حشمت اللہ شاہدی کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ ریان ریکلٹن اور کپتان ٹیمبا باوما نے دوسری وکٹ کے لیے 129 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ جنوبی افریقی کپتان 58 رنز بنا کر ہمت ہار بیٹھے۔ انہوں نے76گیندیں کھیلتے ہوئے پانچ چوکے مارے۔ راسی وین ڈیر ڈوسن نے 52 رنز کی اننگز 46 گیندوں پر دو چھکے اورتین چوکوں کی مدد سے کھیلی۔ رحمت شاہ نے بہترین کیچ لے کر ڈیوڈ ملر کی 14رنز کی اننگز کا خاتمہ کیا۔ ایڈن مارکرم 36 گیندوں پر 52 جبکہ ویان مولڈر نے 12 رنز بنائے۔ محمد نبی نے51 رنز دے کر دو، فضل حق فاروقی 59، عظمت اللہ 39اور نور احمد نے65رنز دے کر ایک ایک وکٹ حاصل کی۔