کوئٹہ(این این آئی)صوبائی مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت کے لئے ہمارے دورازے شب وروز کھلے ہیں، بلدیاتی اداروں کے ذریعے صوبے کی تعمیر و ترقی ممکن ہے، بلدیاتی نمائندوں پر عوام نے اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اپنے حلقوں میں بھر پور انداز میں عوامی خدمت کریں تاکہ بنیادی مسائل عوام کی دہلیز پر حل ہوسکیں ۔یہ بات انہوں نے گزشتہ شب کوئٹہ میںسیاسی و قبائلی ، بلدیاتی نمائندوں کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر صوبائی مشیر محنت و افرادی قوت غلام رسول عمرانی ، ڈسٹرکٹ چیئر مین خضدار حاجی صلاح الدین زہری، میر فیصل رحیم زہری، میر محمد عالم جتک، میر دشتی خان جتک ، تیمور عدنان ، میر شاہد زہری ، عدیل قمبرانی ،میر محمد اقبال ساسولی ،محی الدین زہری سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ امیر حمزہ زہری نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی کو بلدیاتی اور عام انتخابات میں بھاری مینڈیٹ دیکر کامیاب اس لئے بنایا تاکہ ان کے بنیادی مسائل کو حل کیا جا سکے ۔صدر مملکت آصف علی زرداری، چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی واضح ہدایات اور وژن ہے کہ بلوچستان کے عوام کے بنیادی مسائل ان کی دہلیز پر حل کئے جائیں ہم پارٹی پالیسی اور اپنے آباؤ اجداد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بلوچستان کے تمام اضلاع، حلقوں اور یونین کونسلز کی سطح پر مساوی ترقی کے اقدامات اٹھائیں گے ۔