• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’کلنری آرٹ‘‘ نوجوانوں کی اس شعبے میں بڑھتی دلچسپی

مومنہ حنیف

پاکستان میں تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر مند افراد کی تعداد بڑھانے کے لئے مختلف شعبوں میں پیش رفت جاری ہیں۔ کسی ملک کی معاشرتی ترقی میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کے ہنر مند افراد اس کا اہم ذریعہ ہوتے ہیں۔ شعبہ کوئی بھی ہو جب تک اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ہنر مند افرادی قوت دستیاب نہیں ہوتی، تب تک جدت اور کمال ممکن نہیں۔ کچھ عرصہ قبل تک پاکستان میں سیاحت کلچر، ہوسپٹیلیٹی، ہوٹل مینجمنٹ، شیفس اور ان سے متعلقہ دیگر کاموں کے شعبہ جات کی ترقی کا احساس موجود نہ تھا۔ 

 بچے اسکول میں اس وقت ہاتھ کھڑا کرتے جب ٹیچر یہ سوال پوچھا کرتیں کہ ”بڑے ہوکر کیا بنیں گے۔“ زیادہ تر بچوں کا جواب ہوتا کہ ڈاکٹر، انجینئر پائلٹ۔ والدین بھی بچے کی پیدائش پرہی اس بات کا ارادہ کرلیتے تھے کہ بچے نے بڑے ہوکر ڈاکٹر بننا ہے یا انجینئر، مگر زمینی حقائق معلوم ہونے کے بعد آج نسلِ نو نت نئے شعبوں میں جانے کی خواہش کرنے لگے ہیں۔ وقت بدلا، کیریئر کے انتخاب کا طریقہ بدلا۔

کہتے ہیں کہ کھانا پکانا ایک فن ہے۔ جس طرح مصور کے پاس لا محدود رنگ ہوتے ہیں اور موسیقار کے پاس لا محدود سر۔ اسی طرح شیف کے پاس بھی ذائقے کا خزانہ ہوتا ہے، جسے وہ وسعت دینے کے جتن کرتا ہے۔ کھانا بنانا اور کھلانا، مہمانوں کی تواضع کرنا اور مسافروں کے آرام کے لیے بندوبست کرنا، دنیا کی قدیم ترین روایات میں شامل ہیں۔ جب یہ کام تجارتی بنیاد پر کیے جائیں تو ایک فن اور پیشہ بن جاتا ہے۔

کھانا بنانا اور اس کی سجاوٹ کلنری آرٹ کہلاتی ہے، جس میں کیریئر بنانے کا آپشن ناصرف بین الاقوامی سطح پر بلکہ پاکستان میں بھی موجود ہے۔ یہ کیریئر دلچسپ مواقع اور چیلنجوں کی دنیا پیش کرتا ہے۔ پاکستان میں گزشتہ چند برسوں کے دوران کھانا پکانے کا فن اور ہاسپیٹیلیٹی یا میزبانی کا شعبہ پروان چڑھ رہا ہے۔ وقت کے ساتھ ان شعبوں کی اہمیت اجاگر ہورہی ہے۔ ملک بھر میں کئی تعلیمی ادارے کلنری آرٹس اور ہوٹل مینجمنٹ میں کورسز اور ڈگری کی پیش کش کر رہے ہیں، جس میں نوجوان خاصی دلچسپی لے رہے ہیں۔

یہی وہ تبدیلی ہے جس نے ملک کے پروفیشنل اور ووکیشنل اداروں میں طلبہ کی تعداد میں اضافہ کیا۔ نوجوان ہوٹل مینجمنٹ، کوکنگ، شیف، ٹریول اینڈ ٹور ازم اور ریسٹورنٹ کے بزنس کی بنیادی تعلیم بطور کیرئیر حاصل کر کے اپنا مستقبل محفوظ کرسکتے ہیں، کیوں کہ ہوٹل کی صنعت پوری دنیا میں ایک مسلسل فروغ پذیر شعبہ ہے۔ 

پاکستان میں بھی اس میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور ہر روززیادہ سے زیادہ تربیت یافتہ افرادکی ضرورت پیش آرہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ملک بھر میں گزشتہ کئی سالوں سےہزاروں طلبہ وطالبات اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تجربہ کار ماہرین کی نگرانی میں شیف کورسز کر رہے ہیں۔ اندرونِ ملک ملازمت کے مواقع کے علاوہ اس پیشے میں بیرونِ ملک ملازمت کے بھی مواقع موجود ہیں۔ 

تعلیمی سلسلہ اور بڑھتا تجربہ انھیں مستقبل کا ایک بہترین شیف بننے کے قابل بنادیتا ہے۔ اعلیٰ اور مہنگے ریسٹورنٹ بطور شیف ملازموں کے لیے اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ چار سالہ ڈپلومہ کورسز کی ڈیمانڈ کرتے ہیں۔ جس کے لیے خواہش مند افراد کو ووکیشنل تربیت فراہم کرنے والے اداروں سے چھ ماہ سے لے کر چار سال تک ڈپلومہ کورسز کرنے پڑتے ہیں۔ طلبہ کے لیے بطور شیف کیریئر بنانے کا سب سے پہلا مرحلہ انٹرن شپ کا حصول ہے۔ یہ انٹرن شپ آپ کے اردگرد ووکیشنل اداروں کے تعاون سے کسی ریسٹورنٹ میں کام کر کے حاصل کی جاسکتی ہے۔

اس دوران آپ ماہر اور تجربہ کارشیف کے ساتھ کام کرکے جدید طریقوں اور ان کی فنی مہارتوں کو جان سکتے ہیں۔ یہ ریسٹورنٹ انٹرن شپ کے اختتام پر طلبہ کو سرٹیفیکیٹ فراہم کرتے ہیں جو انھیں کیریئر کی کامیابی میں بھی مدد دیتے ہیں۔ 

شیف بننے کے لئے بیچلر کورسیز میں بیچلر آف ہوٹل مینجمنٹ (بی ایچ ایم) کلینری، بی ایس سی ان ہوسپیٹالیٹی اینڈ ہوٹل مینجمنٹ، بی ایس سی ان کیٹرنگ سائنس اینڈ ہوٹل مینجمنٹ اور بی اے ان کلینری آرٹس وغیرہ کئے جاتے ہیں۔

مزید معلومات اور مہارت کے لئے مذکورہ کورسیز میں ماسٹرز پروگرامز بھی کئے جاسکتے ہیں۔ قلیل مدتی کورسیز میں ڈپلوما ان فوڈ پروڈکشن، پی جی ڈپلوما اِن کلینری آرٹس اور سرٹیفکیٹ کورس ان فوڈ پروڈکشن اینڈ پیٹسیری کئے جاسکتے ہیں۔

ایک کامیاب شیف وہ ہوتاہے جو نہ صرف کھانا پکاتا اور تیار کرتا ہے بلکہ باورچی خانے میں دوسرے عملے کی نگرانی بھی کرتا ہے۔ ہوسپیٹالٹی انڈسٹری تیزی سے ابھرتا ہوا شعبہ ہے، جس میں شیف اور اس سے متعلقہ شعبوں میں ملازمت کے متعدد مواقع دستیاب ہیں۔ ایک بہترین شیف بننے کے لیے آپ میں ڈگری یا کسی سرٹیفیکیٹیشن کے حصول کے علاوہ کوکنگ کے لیے جنون موجود ہونا ضروری ہے۔

کوکنگ کا جذبہ رکھنے کے ساتھ ساتھ اچھے ریسٹورنٹ کا دورہ کریں، وہاں کے کھانے اور اجزاء پر توجہ مرکوز کریں، ساتھ ہی کوکنگ میگزین اور شیف کی پروفائلز پڑھیں، یہ تمام چیزیں آپ کو ایک بہترین شیف بننے میں مدد دیں گی۔ اس پیشے میں ذاتی کاروبار کے مواقع بھی خاصے ہیں۔ اسنیک بار، فاسٹ فوڈ ریستوراں اور کیٹرنگ سروس ایسے شعبے ہیں جہاں مناسب سرمائے کے ساتھ اپنا کام شروع کیا جاسکتا ہے۔