• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس کے مشورے نے تحریک انصاف کو آزمائش میں مبتلا کر دیا

اسلام آباد (محمد صالح ظافر)چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے سسٹم میں رہنے اور بائیکاٹ سے اجتناب کے مشورے نے تحریک انصاف کو سخت آزمائش میں مبتلا کر دیا ہے،تحریک میں سوچ بچار شروع،پی ٹی آئی کو پارلیمنٹ، اداروں اور اعلی ٰعدلیہ کے احترام کا مشورہ چیف جسٹس کے مشورے کو مان لیا گیا تو ایجی ٹیشن کے فلسفہ پر استوار تحریک انصاف کی اساس تباہ ہو جائے گی۔

تحریک میں سوچ بچار شروع،تحریک انصاف کو پارلیمنٹ، اداروں اور اعلی ٰعدلیہ کے احترام کا مشورہ دیا گیا ہے۔

مولانا فضل الرحمٰن آج طویل غیر ملکی دورے پر روانہ ہونگے وہ عمرے کی ادائیگی کے بعد آئندہ ماہ کے وسط تک واپس آئیں گے،شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے تحریک چلانے اور گرینڈ الائنس بنانے کی کوئی بات نہیں ہوئی ۔

سسٹم میں رہنے اور بائیکاٹ سے اجتناب کے مشورے نے تحریک انصاف کو سخت آزمائش میں مبتلا کردیا ہے ۔ ’’جنگ‘‘ کو پتہ چلا ہے کہ اس مشورے کے بارے میں تحریک انصاف کی قیادت آئندہ دنوں میں سرجوڑ کر بیٹھے گی اس کے بااثرحلقوں کا کہنا ہے کہ اگر چیف جسٹس کی بات مان لی گئی تو تحریک انصاف کی اساس ہی تباہ ہو کر رہ جائے گی جو ایجی ٹیشن اور ’’میں نہ مانوں‘‘ کے فلسفے پر استوار ہے۔ 

اس دوران حکومت مخالف سیاسی جماعتوں کی آئندہ ماہ وفاقی دارالحکومت میں کانفرنس کے محرک اور نوزائیدہ عوام پاکستان پارٹی کے کنوینر شاہد خاقان عباسی نے واضح کیا ہے کہ ابھی کوئی تحریک چلانے کی بات نہیں ہوئی اور نہ ہی اپوزیشن کا گرینڈ الائنس کے قیام پر کوئی اتفاق ہواہے۔ 

شاہد خاقان عباسی کے ایما پر حکومت کی مخالف جماعتوں کا ایک وفد پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی سرکردگی میں سندھ کادورہ کرکے قوم پرست جماعتوں سمیت سیاسی گروپس کی حمایت کی کوشش کررہا ہے تاکہ وہ مجوزہ کانفرنس میں شریک ہوں۔ 

شاہد خاقان عباسی مسلم لیگ نون کے ایما پر ملک کے وزیراعظم بھی رہے ہیں ان کا کہنا تھا کہ وہ اس بات کو تسلیم نہیں کرتے کہ مسلم لیگ نون نے ریاست کے لئے اپنی سیاست کو قربان کردیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید