• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیمپئنز ٹرافی، گرین شرٹس کی سست بیٹنگ، بے اثر بولنگ، ناکارہ فیلڈنگ، بھارت فاتح، اب ملبہ کس پر گرے گا؟

کراچی(عبدالماجد بھٹی) چیمپئنز ٹرافی نے بھارت سے یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست ، گرین شرٹس کی سست بیٹنگ، بے اثر بولنگ، ناکارہ فیلڈنگ، پاکستان ٹیم تمام شعبوں میں ناکام ، اب ملبہ کس پر گرے گا؟

 دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے،لاکھوں شائقین کے دل ایک بار پھر ٹوٹ گئے ، بیٹنگ لائن کی ناقص کارکردگی، پاکستانی بولنگ 242رنز کا دفاع نہ کرسکی، کوہلی کی سنچری نے پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے کے دہانے پردھکیل دیا، انڈیا نے ہدف 45گیندیں پہلے ہی حاصل کرلیا، محمد رضوان اور سعود شکیل کے آوٹ ہونے کے بعد کوئی بیٹر سہارا نہ دے سکا، خوش دل اور سعود شکیل نے اہم کیچز چھوڑ کر میچ میں کم بیک کے مواقع گنوائے، بھارت کی جارحانہ بیٹنگ ۔

 پلیئر آف دی میچ ویرات کوہلی نے چوکا مارکر اپنی سنچری مکمل کی اور بھارت کو پاکستان کے خلاف چھ وکٹ سے شکست دے کر سیمی فائنل کی جانب پیش قدمی جاری رکھی۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کا سیمی فائنل میں کوالی فائی کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوتا دکھائی نہیں دے رہا ہے۔بھارت نے گذشتہ آٹھ میں سے چھ ون ڈے میچوں میں پاکستان کو شکست دی ہے۔

دفاعی چیمپین روایتی حریف کیخلاف مزاحمت کرنے میں ناکام رہی۔بھارت نے اچھی بولنگ کے بعد جارحانہ بیٹنگ کے ساتھ پاکستانی بولنگ کو بے اثر کردیا ۔

چیمپین بیٹسمین ویرات کوہلی نے پاکستان کے خلاف ایک اور میچ وننگ اننگز کھیل کر پاکستان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔انہوں نے ون ڈے میں51ویں سنچری111گیندوں پرسات چوکوں کی مدد سے بنائی۔ شریاس ائیر 56رنز بناکر کیچ آوٹ ہوگئے۔انہوں نے67گیندیں کھیلیں جس میں ایک چھکا اور پانچ چوکے شامل تھے۔اکسر پٹیل تین رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔

شاہین آفریدی نے 74رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر بھارت کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم 50اوورز بھی پورے نہیں کھیل سکی، پوری قومی ٹیم2گیندیں قبل ہی241رنز پرآوٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے سعود شکیل 64رنز بناکر نمایاں رہے۔

ایک موقع پر جب محمد رضوان اور سعود شکیل کریز پر موجود تھے لگ رہا تھا کہ پاکستان بڑ اا سکور کرنے میں کامیاب ہوجائے گا۔دونوں اوپر تلے آوٹ ہوئے پھر کوئی بیٹر سہارا نہ دے سکا۔

خوش دل اور سعود شکیل نے دو انتہائی اہم مواقع پر کیچز چھوڑ کر میچ میں کم بیک کرنے کے مواقع گنوائے۔ کپتان روہت شرما اور شبمن گل نے ٹیم کا جارحانہ آغاز فراہم کیا، روہت 15گیندوں پر20رنز بنانے کے بعد شاہین آفریدی کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے۔ 

شبمن گل اور ویرات کوہلی نے تیزی سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا، 68 رنز کے مجموعی اسکور پر حارث رؤف کی بولنگ پر خوشدل شاہ نے شبمن گل کا کیچ چھوڑا، وہ 35رنز پر بناچکے تھے۔تاہم، ابرار احمد نے شبمن گل کو 46رنز پر بولڈ کرکے ان کی نصف سینچری بھی مکمل نہ ہونے دی، اس دوران ویرات کوہلی نے حارث رؤف کو چوکا رسید کرکے ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنے 14ہزار رنز مکمل کیے۔

پاکستان کی جانب سے 159رنز کے مجموعی اسکور پر شریاس ایئر کو ایک موقع دیا گیا جب وہ 25رنز پر بیٹنگ کررہے تھے، اس بار خوشدل شاہ کی باؤلنگ پر سعود شکیل نے کیچ چھوڑا۔

قبل ازیں میچ کے نویں اوور میں بابر اعظم23رنز بناکر ہاردک پانڈیا کی گیند پر وکٹ کیپر کے ایل راہل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے وہ پراعتماد دکھائی دے رہے تھے اور پانچ چوکے مارے لیکن پھر ہمت ہار گئے۔پہلی وکٹ 41رنز پر گری۔

اگلے ہی اوور میں فخر زمان کی جگہ ٹیم میں شامل کیے گئے اوپنر امام الحق غیرضروری رن لینے کی کوشش میں اکشر پٹیل کی تھرو پر رن آؤٹ ہوگئے، وہ 26 گیندوں پر صرف 10رنز بناسکے۔

محمد رضوان کو 44 رنز پر ایک موقع ملا جب ہرشت رانا نے ہاردک پانڈیا کی گیند پر ان کا کیچ چھوڑا تاہم وہ اگلے اوور کی پہلی ہی گیند پر اکشر پٹیل کے ہاتھوں46رنز پر بولڈ ہوگئے۔ 

انہوں نے77گیندیں کھیلیں اور تین چوکے مارے۔ محمد رضوان کی طرح سعود شکیل کو بھی ایک چانس ملا جب اکشر پٹیل کی گیند پر کلدیپ یادو نے ان کا کیچ چھوڑا، تاہم وہ اگلے ہی اوور میں پانڈیا کا شکار بن گئے، سعود 62رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئےانہوں نے پانچ چوکے مارے اور76گیندیں کھیلیں

۔دونوں سیٹ بیٹرز کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستانی بیٹنگ لائن سنبھل نہ سکی اور یکے بعد دیگر کھلاڑیوں کے پویلین واپس لوٹنے کا سلسلہ جاری رہا، طیب طاہر 4، شاہین آفریدی صفر، سلمان علی آغا 19، نسیم شاہ 14، حارث رؤف 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

بھارتی اسپنر کلدیپ یادیو نے40رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔ہارک پانڈیا نے31رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ہرشت رانا،اکسر پٹیل اوررویندرا جڈیجا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اہم خبریں سے مزید