کراچی (اسٹاف رپورٹر) ون ڈے کرکٹ کو ماردھاڑ سے بھرپور کرکٹ کہا جاتا ہے۔ لیکن پاکستانی بیٹرزسست روی سے بیٹنگ کے ریکارڈ قائم کررہے ہیں۔ بھارت کے خلاف چیمپئنز ٹرافی میچ میں پاکستان کے ٹاپ آرڈر بیٹرز نے ابتدائی 161 گیندوں میں 100ڈاٹ بولز کھیلیں اور ڈاٹ بولز کی سنچری مکمل کرلی۔ پاکستان نے 50اوورز یعنی 300 گیندوں کی اننگز کے دوران مجموعی طور پر 147 گیندیں کھیلیں، جسے عام الفاظ میں تقریباً 25 اوورز کہا جاسکتا ہے۔ اننگز کے دوران صرف 3چھکے اور 14 چوکے لگائے گئے، صرف ایک ففٹی بنی، اننگز کا پہلا چھکا بھی 42ویں اوور میں لگا۔ بھارت کے خلاف چیمپئنز ٹرافی کے انتہائی اہم میچ کی اننگز میں 147گیندوں پر کوئی رن نہیں بن سکا۔ ا س سے قبل کراچی میں چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی اور اپنے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف321رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستانی بیٹرزنے161ڈاٹ بالز کھیلی تھیں۔ بڑی ناکامی کے بعد بھارت کی اپروچ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور وہ سست روی سے بیٹنگ کرتے ہوئے وکٹیں بھی گنواتے رہے اور ڈاٹ بالز بھی کھیلتے رہے۔ بھارت کے خلاف میچ میں پاکستانی بیٹرز 147 گیندوں یعنی تقریباً 25اوورز میں کوئی رن نہ بناسکے۔ نیشنل اسٹیڈیم کے میچ پہلے 6اوورزمیں 28ڈاٹ بال کھیل ابتدائی چھ اوورز میں زیادہ ڈاٹ بال کھیلنے کا اپنا ریکارڈ برابر کردیا۔ پاکستان نے ابتدائی دس اوورز میں 22رنز بنائے تھے۔