کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں جوہر موڑ کے قریب راشد منہاس روڈ پر پیڈسٹرین برج کو ڈمپر نے ٹکر مار کر تباہ کر دیا۔ پل کا ایک حصہ نیچے لٹک گیا ہے جو ممکنہ طور پر گزرنے والی ٹریفک کیلئے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔ اس دیوہیکل آہنی پل کے کسی بھی وقت چلتی ٹریفک پر گرنے کا خدشہ ہے۔ خاص طور پر رات کے وقت تیز رفتار کوئی ڈمپر یا ہیوی گاڑی اس پل سے ٹکرا کر خطرناک صورتحال پیدا کر سکتی ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق ڈمپر ٹکرانے سے پل ٹوٹنے کا واقعہ گزشتہ رات ڈھائی بجے پیش آیا تاہم حادثہ کرنے والا ڈرائیور اپنی گاڑی سمیت فرار ہو گیا۔ پل سے شہریوں کی آمد و رفت بند ہوگئی ہے تیز رفتار ترین ٹریفک کے دوران شہری پیدل ہی سڑک پار کررہے ہیں۔ جس سے پیدل سڑک عبور کرنے والوں کیلئے مزید خطرات پیدا ہوگئے ہیں۔