اسلام آباد (نمائندہ جنگ )پاکستان اور ازبکستان نے دفاع‘ ٹیکنالوجی‘ تکنیکی تربیت‘ میڈیا اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کیلئے 10معاہدوںاور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے ہیں ‘فریقین نے سائنسی تحقیق‘ ٹیکنالوجی‘ سیاحت‘سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزہ فری سفر، ملٹری انٹیلی جنس، داخلی امور، پیشہ ورانہ اور تکنیکی تربیت اور سفارت کاروں کی تربیت کے شعبوں میں معاہدوں کی دستاویزات کا تبادلہ کیا۔ دونوں ممالک نے آئندہ چار برس میں باہمی تجارتی حجم کو 2ارب ڈالر پر پہنچانے، ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ (2021)، ترجیحی تجارتی معاہدے (2023) پر موثر عمل درآمد‘ دونوں ممالک کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری اور پاکستان و ازبکستان کی کاروباری برادری کے مابین تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہےکہ ٹرانس افغان ریلوے پراجیکٹ گیم چینجرمنصوبہ ثابت ہوگا‘تاشقندکو کراچی اور لاہورسے منسلک کریں گے ‘افغانستان کی سرزمین پاکستان سمیت کسی دوسرے ملک پر حملے کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیےجبکہ ازبک صدر شوکت مرزایوف نے درپیش چیلنجزسے نمٹنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے پر زوردیا۔شہباز شریف کے دو روزہ دورہ ازبکستان کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کردیاگیا۔تفصیلات کے مطابق شہباز شریف اور ازبک صدر شوکت مرزا یوف نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت‘ سیاحت ‘ توانائی، علاقائی رابطے و ثقافتی تعلقات کے فروغ اور دوطرفہ تجارتی حجم کو 2 ارب ڈالر پر پہنچانے پر اتفاق کرتے ہوئے ازبکستان‘ افغانستان‘ پاکستان ریلوے منصوبے پر عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کیاہے۔ بدھ کو شہباز شریف اور ازبک صدرکے درمیان تاشقند میں دوطرفہ ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پاکستان اور ازبکستان کے مابین سیاحت کے فروغ بالخصوص ترمیز، بخارا، لاہور اور کراچی کے مابین اس حوالے سے تعاون پر گفتگو ہوئی۔ عالمی و علاقائی امور پر اپنے مشترکہ خیالات کا اظہار کرتے ہوئے دونوں رہنمائوں نے بین الاقوامی مسائل کے حل کیلئے عالمی تنظیموں بالخصوص اقوام متحدہ کے کردار کو پائیدار ترقی اور عالمی سطح پر امن و سلامتی کے حصول کیلئے فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔اس موقع پر شہباز شریف کا کہناتھاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور معاشی تعاون کو بڑھانے کے لیے نئے راستے کھولنے کی ضرورت ہے۔ازبک صدر نے کہا کہ خطے میں استحکام اور ترقی کے لیے دونوں ممالک کا باہمی تعاون کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ ازبکستان پاکستان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے پرعزم ہے۔ شہباز شریف اورشوکت مرزا یوف کی ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے وفود کے درمیان اعلیٰ سطحی ملاقات ہوئی۔ بعدازاں مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخطوں کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےشہباز شریف نے کہا کہ سرمایہ اور تجارت میں اضافہ دونوں ممالک کے مفاد میں ہے، ٹرانس افغان ریلوے منصوبہ پورے خطے کےلئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔