اسلام آباد(نمائندہ جنگ )پاکستان میں خلائی ترقی کے اہم سنگ میل کے طور پر قومی خلائی ایجنسی سپارکو نے چین کی مینڈ اسپیس ایجنسی کے ساتھ باہمی تعاون کے تاریخی معاہدے پر دستخط کیے جس کے تحت پاکستان کے پہلے خلا باز کو تیانگونگ-چینی خلائی اسٹیشن کے مشن پر روانہ کیا جائے گا۔ جمعہ کو سپارکو کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس معاہدے کے تحت دو پاکستانی خلا باز چین کے ایسٹروناٹ سینٹر میں تربیت حاصل کریں گے۔ ان میں سے ایک خلا باز کو سائنسی پے لوڈ اسپیشلسٹ کے طور پر تربیت دی جائے گی جو چین اسپیس اسٹیشن (سی ایس ایس) میں مخصوص سائنسی تحقیق کے لیے تیار ہوگا۔ خلا باز کے انتخاب کا عمل 2026ء تک مکمل کرلیا جائے گا جس کے بعد وہ (سی ایس ایس) کے منصوبے کے مطابق آئندہ مشن میں شمولیت اختیار کرے گا۔ پاکستان کے پہلے خلا باز کا مشن جدید سائنسی تجربات پر مشتمل ہوگا جن میں حیاتیاتی و طبی سائنس، ایرو سپیس، اطلاقی طبیعیات، سیال میکینکس، خلائی تابکاری، ماحولیات، مٹیریلز سائنس، مائیکروگریویٹی سٹڈیز اور فلکیات جیسے شعبے شامل ہوں گے۔