کراچی (نیوز ڈیسک) ملک میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا، پہلا روزہ اتوار دو مارچ کو ہوگا۔ اس بات کا اعلان چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔دوسری جانب سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات اور دیگر عرب ممالک سمیت ، انڈونیشیا اور ملائیشیا میں بھی چاند نظر آگیا جہاں آج ہفتے کے روز پہلا روزہ ہوگا، امریکا ، برطانیہ اور آسٹریلیا میں بھی آج پہلا روزہ ہوگا۔ متحدہ عرب امارات میں پہلی مرتبہ 2025میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے ڈرون اور مصنوعی ذہانت کا استعمال بھی کیا گیا۔ بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا سمیت کئی دیگر ممالک میں چاند نظر نہیں آیا جہاں اتوار کو پہلا روزہ ہوگا۔ سعودی حکام نے بتایا کہ سعودی عرب میں پہلی تراویح کا آغاز ہوگیا ہے۔ قبل ازیں ملک میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اوقاف ہال پشاور میں ہوا جس کی سربراہی چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخیبر آزاد نے کی۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کا کہنا تھاکہ ملک میں کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول نہیں ہوئیں جس کے بعد پہلا روزہ اتوار 2 مارچ کو ہوگا۔