کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں گروپ بی کا تیسرا اور آخری میچ ہفتہ کو انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، اس کے ساتھ کراچی میں ایونٹ کی میزبانی بھی ختم ہوجائیگی۔ جنوبی افریقا اور افغانستان کے تین، تین پوائنٹس ہیں۔لیکن جنوبی افریقا کا رن ریٹ بہت بہتر ہے، اس لیے پروٹیز میچ ہار بھی گئے تو اس کے لاسٹ فور میں جگہ بنانے کے امکانات بہت زیادہ ہیں ۔ دونوں ٹیموں نے جمعے کو نیشنل اسٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس کی ۔ ایونٹ سے پہلے رائونڈ میں اخراج کے بعد انگلینڈ کے کپتان جوس بٹلر نے ذمہ داری قبول کرتے ہوئے قیادت سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا، نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا کانفرنس میں 34 سالہ بیٹر نے کہا کہ ٹیم میری قیادت میں بہتر کھیل پیش کرنے میں ناکام رہی۔