کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیمپئنز ٹرافی میں خراب کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ کی کشتی بھنور میں پھنسی ہے، سینئرز کے ڈوبنے کا خدشہ ہے، تاہم کئی سینئر کھلاڑیوں نے چالاکی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طوفان تھمنے تک وقتی طور پر خود کو کھیل اور دنیا کی نظر سے دور رکھنے پر غور شروع کردیا ہے۔ بعض کرکٹرز اس حوالے سے باہمی اور دوستوں سے بھی مشاورت کررہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ پلیئرز اس ماہ دورہ نیوزی لینڈ سے دستبردار ہو سکتے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار قومی کھلاڑیوں کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے سخت ناخوش ہیں، ٹرافی کے بعد پاکستانی ٹیم کا پہلا دورہ نیوزی لینڈ کا ہے، جہاں قومی ٹیم کو 5 ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچز کھیلنے ہیں، سیریز 16 مارچ سے 5 اپریل تک کھیلی جائے گی۔