کراچی( اسٹاف رپورٹر )اے این ایف نے مختلف کارروائیوں میں5ملزمان کو گرفتار کر کے 1 کروڑ 97لاکھ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کر لی اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق کراچی میں کھارادر کے قریب موٹرسائیکل سوار کے قبضے سے 1.4کلو گرام آئس برآمد کر لی گئی۔ راولپنڈی میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 200نشہ آور گولیاں برآمد کی گئیں۔گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دبئی جانے والے مسافر کے انڈرگارمنٹس میں چھپائی گئی 179 گرام چرس برآمد کر لی گئی۔پشاور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دوحہ جانے والے مسافر کے ٹرالی بیگ سے 980گرام آئس برآمد کی گئی۔لاہور میں کوریئر آفس کے ذریعے برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل سے لیڈیز پرس میں چھپائی گئی 226 گرام ہیروئن برآمد کر لی گئی۔بلوچستان میں حب کے علاقے وندر سے 24کلو گرام افیون اور 6 کلو گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ایم ون موٹر وے اسلام آباد کے قریب ملزم کے قبضے سے 19.2 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔