کراچی (این این آئی) سندھ کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جب کہ کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ آج (اتوار) سے ملک میں داخل ہوگا جس کے زیر اثر دیہی سندھ کے اضلاع قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، کشمور، شکار پور، گھوٹکی، لاڑکانہ اور سکھر میں 2 مارچ کی رات اور 3 مارچ کی صبح گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔
دوسری جانب، کراچی میں آج (اتوار) تیز دھوپ رہے گی جب کہ پیر کو کراچی میں معمول سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کراچی ڈویژن کے مطابق 3 روز کے دوران کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 19 تا 21 ڈگری ریکارڈ اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے، تاہم کراچی میں فی الوقت بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔