کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں سینئر کھلاڑیوں کی خراب کارکردگی کے بعد پی سی بی نے اب نظریں نوجوان کرکٹرز پر مرکوز کرلی ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کچھ آزمودہ کھلاڑیوں کو آرام دینے کی تجویز ہے۔ بابر اعظم، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رئوف، امام الحق اور طیب طاہرکو ٹیم میں جگہ برقرار رکھنا مشکل دکھائی دیتا ہے۔ شاداب سمیت کئی کھلاڑیوں کی ٹیم میں واپسی کا امکان ہے۔ڈراپ ہونے کے خطرے کو بھانپتے ہوئے سینئر کھلاڑیوں نے آرام کا بہانہ بناکر جگہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایسے میں لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں نے ملاقات کی ۔ کھلاڑیوں نے ہائی پرفارمنس سینٹرز میں تربیت، فنٹس اور ڈائٹ پلان کے حوالے سے ایشوز کے بارے آگاہ کیا۔ محسن نقوی نے کھلاڑیوں کے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں اور تمام اکیڈمیز تک رسائی دینے کا فیصلہ کیا ۔ فنٹس کیلئے خصوصی ڈائٹ پلان تیار کرنے کی ہدایت دی۔ محسن نقوی نے کھلاڑیوں کی تجاویز کو نوٹ کیا اور موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ ملاقات کرنے والے کھلاڑیوں میں محمد علی، علی رضا، احمد دانیال، نثار احمد، محمد ابتسام ، محمد سلمان، آفاق آفریدی ، عبدالصمد ، سعد مسعود، خواجہ نافع، معاذ صداقت ، عرفات منہاس، مبشر خان، حیدر علی ، حسان نواز، فیصل اکرم، طاہر بیگ اور قاسم اکرم شامل تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے بورڈ نئی ٹیم تشکیل دینا چاہتا ہے۔ نیوزی لینڈ کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں جن نئے کھلاڑیوں کوٹیم میں شامل کرنے کی تجویز ہے۔ ان میں حسن نواز، علی رضا، عبدالصمد، عاکف جاوید اور محمد نافع شامل ہیں ۔ شاداب خان سمیت محمد حارث، سفیان مقیم، محمد وسیم ، زمان خان، عباس آفریدی، جہاں داد خان، سلمان علی آغا، ابرار احمد، عرفات منہاس کو برقرار رکھا جائے گا۔