کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارتی ون ڈے ٹیم میں آنے والے اسپنر ورون چکرورتی نے پانچ وکٹ لے کر بھارت کو نیوزی لینڈ کے خلاف44 رنز سے کامیابی دلوادی۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت نے گروپ اے سے ٹاپ کیا اور تین میچ جیتنے والی واحد ٹیم بن گئی۔ منگل کو پہلا سیمی فائنل بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان دبئی جبکہ دوسرا لاہور میں بدھ کو جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا۔ اتوار کو دبئی میں ناکام ٹیم205رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ بھارتی اسپنرز نے دس میں سے9وکٹ حاصل کیں۔ ورون چکرورتی نے 42رنز دے کر پانچ وکٹ لیے ، انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ کلدیپ یادیو نے دو وکٹ ، اکشر پٹیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ کین ولیم سن نے 81رنز120 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے بنائے۔ قبل ازیں بھارت نے 50 اوورز میں 9وکٹ پر 249رنز بنائے۔ فاسٹ بولر میٹ ہنری نے8 اوورز میں42 رنز دے کر پانچ وکٹ حاصل کئے۔ بھارتی ٹاپ آرڈر 30پر آئوٹ ہوگئی۔شریاس ایئر نے ذمہ دارانہ 79رنز بنائے۔