کراچی( نصر اقبال،اسٹاف رپورٹر) اربوں روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے نیشنل اسٹیڈیم کراچی تماشائیوں کے لئے کشش کا باعث نہیں بن پارہا ہے، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قومی کر کٹ ٹیم کے اخراج سے پاکستانی تماشائیوں کی اس ایونٹ سے دل چسپی میں خاصی حد تک کمی کا اندازہ ہفتے کو انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے میچ میں نمایاں تھا جس سے لطف اندوز ہونے کے لئے قومی ٹیم کی پر فار منس سے ناراض تماشائیوں نے اسٹیڈیم کا رخ کرنا بھی گوارا نہیں کیا، بمشکل پانچ ہزار سےبھی کم شائقین اسٹیڈیم میں موجود تھے،بعض انکلوژر خالی پڑے ہوئے تماشائیوں کے منتظر تھے، اس میچ کے لئے سیکیورٹی بدستور کڑی تھی،شائقین کے نہ ہونے کی وجہ سے سیکیورٹی اہلکار بھی پرسکون دکھائی دئیے،وسیم اکرم انکلوژر میں موجود بعض تماشائیوں کے ہاتھوں میں میچ میں شریک دونوں ٹیموں کے پر چم نظر آئے،چیمپئینز ٹرافی میں پاک نیوزی لینڈ میچ کے علاوہ دیگر دونوں میچوں میں شائقین کی تعداد توقعات کے مطابق نہیں رہی۔