اسلام آباد (فاروق اقدس) کمپنی صرف عید الفطر اور عید الاضحٰی سرکاری طور پر مناتی ہے، رمضان المبارک نہیں مناتی،ترکی کی ایک کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کو ماہ صیام کے حوالے سے کمپنی کے سٹاف کو ایک متنازعہ ای میل بھیجنے پر فوری کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں سی ای او نے استعفیٰ دے دیا تحقیقات کے بعد حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ کمپنی کی جانب سے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سی ای او کو مسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان المبارک کی آمد پر جشن منانے سے روکنے سے متعلق اپنی ٹیم کے ارکان کو ای میل بھیجنے پر تحقیقات کے بعد کارروائی کی گئی ، اس بارے میں برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے تفصیلات جاری کی ہیں جن کے مطابق ترکیہ کی زورلو ہولڈنگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو سیم کوکسال کو ’رمضان المبارک‘ سے متعلق متنازع بیان دینے پر حراست میں لے لیا گیا اور اب انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ بھی دیدیا ہے۔ خبررساں ادارے کے مطابق ترکیہ کی زورلو ہولڈنگ کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سی ای او سیم کوکسال اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں، ترک حکام کی جانب سے مبینہ طور پر مسلمانوں کے مقدس مہینے ’رمضان المبارک‘ کی آمد پر جشن منانے سے روکنے سے متعلق اپنی ٹیم کو ای میل بھیجنے پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا۔