اسلام آباد (رپورٹ: حنیف خالد) ملک کی ممتاز ماہرِ تعلیم اور خصوصی تعلیم کے لیے اپنی زندگی وقف کرنے والی محترمہ شہتاج فاروقی انتقال کر گئی ہیں۔ وہ ہیلن کیلر ماڈل اسپیشل ایجوکیشن سینٹر، اسلام آباد کی بانی سربراہ تھیں۔ شہتاج فاروقی مرحومہ سابق سیکریٹری جنرل اور وفاقی محتسب پاکستان سلمان فاروقی کی اہلیہ تھیں۔ ان کی نمازِ جنازہ منگل کو ظہر کی نماز کے بعد سلطان مسجد، ڈی ایچ اے کراچی میں ادا کی جائے گی، اور انہیں پی ای سی ایچ ایس قبرستان کراچی میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔ مرحومہ اپنے دو بچوں، فرحان فاروقی اور شمالہ خان، اور پوتے پوتیوں اور نواسے نواسیوں کو سوگوار چھوڑ گئی ہیں۔