• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سر سید یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر منور حسین عہدے سے برطرف

کراچی(سید محمد عسکری) سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر ڈاکٹر منور حسین کو عہدے سے برطرف کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے یونیورسٹی کے نئے چانسلر محمد اکبر علی خان نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر ڈاکٹر منور حسین کی خدمات کی اب مزید ضرورت نہیں لہذا انھیں اس عہدے سے فارغ کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر جعفر نذیر عثمانی کو سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی کا قائم مقام وائس چانسلر مقرر کیا گیا ہے جو کہ فوری طور پر اگلے احکامات تک نافذ العمل ہوگا۔ واضح رہے کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے 10 برس بعد ہونے والے انتخابات میں ذاکر علی خان پینل نے علیگ یونائیٹڈ پینل کو شکست دے دی تھی۔ اولڈ بوائز کے انتخابات میں ذاکر علی خان پینل نے 158 ووٹ جبکہ علیگ یونائیٹڈ پینل نے 139 ووٹ حاصل کیے۔ یوں ذاکر علی خان پینل کے صدر محمد اکبر علی خان نے سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی کے چانسلر کا چارج سنبھال لیا اور وائس چانسلر ڈاکٹر منور حسین کو عہدے سے برطرف کردیا۔ زرائع کے مطابق سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں رجسٹرار سمیت اہم عہدوں پر بھی تبدیلوں کا امکان ہے۔
اہم خبریں سے مزید