اسلام آباد( تنویر ہاشمی ) کمپی ٹیشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پی ٹی سی ایل( یوفون) اور ٹیلی نار کے انضمام کے فیصلے میں تاخیرفائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی مشکلات کا شکار ہوگئی، پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پی ٹی سی ایل اور ٹیلی نار کے انضمام سے متعلق فیصلے کے لیے حکومت کو خط لکھ دیا ہے،ذرائع کے مطابق پی ٹی اے نے وزارت آئی ٹی اینڈ ٹی سے 5 جی سپیکٹرم کی نیلامی سے قبل پی ٹی سی ایل اور ٹیلی نار کے انضمام پر کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان سمیت متعلقہ اداروں کی رائے لینے کا بھی کہا ہےتاکہ معلوم ہو سکے کہ فائیو سپیکٹرم کی نیلامی میں تین کمپنیاں حصہ لیں گی یا چار کمپنیوں کو لایا جائیگا، پاکستان نے رواں سال مئی اور جون میں 5G سپیکٹرم کی نیلامی کا منصوبہ بنایا ہےتاہم سی سی پی کی جانب سے پی ٹی سی ایل اور ٹیلی نار کے انضمام کے فیصلے میں تاخیر سے5 جی سپیکٹرم کی مقررہ وقت پرنیلامی بھی تاخیر کا شکار ہو سکتی ہے۔