معروف امریکی کمپنی ٹیسلا کے بانی ایلون مسک کے خلاف ہفتے کے روز نیویارک میں ٹیسلا شوروم کے باہر سینکڑوں افراد نے احتجاج کیا۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی پولیس نے ایلون مسک کے خلاف احتجاج کرنے والے 9 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
رپورٹ میں امریکی پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ نیویارک میں ٹیسلا شوروم کے باہر ہونے والا یہ احتجاج ایلون مسک کے خلاف ’ٹیسلا ٹیک ڈاؤن‘ کے نام سے شروع کی گئی ایک مہم کا حصّہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایلون مسک کے خلاف امریکا میں یہ مہم ان کی وفاقی ملازمین کی برطرفیوں میں مبینہ شمولیت کی وجہ سے شروع ہوئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’ٹیسلا ٹیک ڈاؤن‘مہم کے تحت جیکسن ویل، فلوریڈا، ٹکسن، ایریزونا اور دیگر شہروں میں موجود ٹیسلا کے شو رومز کے باہر بھی احتجاج ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا کے جن شہروں میں ایلون مسک کے خلاف احتجاج ہوئے وہاں ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔
مظاہرین نے ایلون مسک کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ٹیسلا جلاؤ جمہوریت بچاؤ‘ اور ’امریکا میں آمر نامنظور‘ کے نعرے لگائے۔