راولپنڈی ( حافظ وسیم اختر)بانی پاکستان تحریک انصاف کا اڈیالہ جیل میں میڈیکل بورڈ نے تفصیلی طبی معائنہ کیا، مختلف ٹیسٹوں کیلئے خون کےنمونے لئے گئے ، مختلف دوائیاں تجویز ، بانی پی ٹی آئی کے معدے میں تیزابیت ،دانتوں میں ٹھنڈا گرم لگنے اور ایک ڈاڑھ میں دردکی شکایت، جیل حکام نے میڈیکل بورڈ سے بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کروانے کی درخواست کی تھی ۔ جیل ذرائع کے مطابق پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسزاسلام آباد کی چاررکنی ٹیم نے سینٹرل جیل راولپنڈی میں سابق وزیراعظم عمران خان کامیڈیکل چیک اپ کیا،چیک اپ کرنے والے بورڈمیں ڈاکٹر الطاف حسین، ڈاکٹر عمر فاروق،ڈاکٹرمحمد علی عارف اورڈاکٹر تاشفین امتیاز شامل تھے،ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے معدے میں تیزابیت کی شکایت کی جس پر ڈاکٹروں نے انہیں میڈیسن omeprazole تجویز کی ، ٹینائٹس کے لئے پہلے سے زیر استعمال میڈیسن جاری رکھنے کی تلقین کی ،پاؤں کے تلوے پرcallosities کی شکایت پر ڈاکٹروں نے انہیں corn cap لگانے کی ہدایت کی ،پمز کے ڈینٹسٹ ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ ڈاکٹر عمرفاروق نے سابق وزیراعظم کے دانتوں کامعائنہ کیا ،عمران خان نے دانتوں میں ٹھنڈا گرم لگنے اور ایک ڈاڑھ میں دردکی شکایت کی جس پر انہیں کہاگیا کہ اگر ڈاڑھ میں دردٹھیک نہ ہوئی توایکسرے کروایاجائے گا،میڈیکل چیک اپ کے دوران مختلف ٹیسٹ کرنے کے لئے خون کے نمونے بھی لئے گئے ۔