کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بدترین کارکردگی کے بعد قومی سلیکشن کمیٹی نے ون ڈے کے بجائے ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کردی۔ محمد رضوان کو کپتانی سے فارغ کرکے قیادت کا تاج سلمان آغا کے سر سجا دیا گیا ہے۔ محمد رضوان اور بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی ٹیم سے ڈراپ ہوگئے ہیں۔ تاہم انہیں ون ڈے ٹیم میں ایک اور لائف لائن دی گئی ہے۔ شاہین آفریدی ، کامران غلام اور محمد حسنین کو ون ڈے ٹیم سے ڈراپ کیا گیا ہے۔ ایک اور حیران کن تبدیلی وکٹ کیپر محمد حارث کی شمولیت ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف 16 سے 26 مارچ تک ہونے والی پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے لیے حیران کن طور پر شاداب خان نے بغیر کسی کارکردگی کے کم بیک کیا ہے وہ نائب کپتان ہونگے۔ محمد رضوان ون ڈے کپتان برقرار رہیں گے۔ ان فٹ اوپنر فخر زمان اور صائم ایوب کو طبی مشورے پر زیر غور نہیں لایا گیا۔ دونوں کے آئندہ ماہ راولپنڈی میں شروع ہونے والی پاکستان سپر لیگ 10 کیلئے مکمل فٹ ہونے کی امید ہے ۔ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں تین نئے کھلاڑی عبدالصمد، حسن نواز، اور محمد علی شامل ہیں ، عاکف جاوید اور محمد علی نے ابھی ون ڈے ڈیبیو کرنا ہے۔ چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ میں عبدالصمد نے 166.67 کے اسٹرائیک ریٹ سے 115 جبکہ ون ڈے کپ میں 122 کے اسٹرائیک ریٹ سے 145 رنز اسکور کیے۔ حسن نواز چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی میں142.47 کے اسٹرائیک ریٹ سے 312 رنز بنا کر دوسرے نمبر پر رہے۔ محمد علی 22 وکٹوں کے ساتھ چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ میں ٹاپ پر تھے ۔ عاکف جاوید نے چیمپئنز ون ڈے کپ کے پانچ میچوں میں سات جبکہ ٹی ٹوئنٹی کپ میں 15 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ سلمان اور شاداب کو بالترتیب ٹی ٹوئنٹی کپتان اور نائب کپتان مقرر کرنے کا فیصلہ ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ2025 اور آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ سلمان کی قیادت میں پاکستان نے گزشتہ سال زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز 2-1 سے جیتی تھی ۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں کے ایک حصے کے طور پر پاکستان اے سی سی ایشیا کپ 2025 میں کم از کم پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز اور تین تین میچز ویسٹ انڈیز کے خلاف ( اوے ، جولائی)، افغانستان (ہوم، اگست)، آئرلینڈ (ہوم، ستمبر)، جنوبی افریقہ (ہوم، ستمبر اکتوبر)، سری لنکا ( ہوم نومبر) اور آسٹریلیا (جنوری 2026) کھیلے گا۔ دورہ نیوزی لینڈ کیلئے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں سلمان علی آغا (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عباس آفریدی، عبدالصمد، ابرار احمد، حارث رؤف، حسن نواز، عرفان خان نیازی، جہانداد خان، خوشدل شاہ، محمد علی، محمد حارث، عمیر بن یوسف، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم اور عثمان خان جبکہ ون ڈے ٹیم میں محمد رضوان (کپتان)، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، عاکف جاوید، بابر اعظم، فہیم اشرف، امام الحق، عرفان خان نیازی، خوشدل شاہ، محمد علی، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، سفیان مقیم اور طیب طاہر شامل ہیں۔