کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے تین ماہ کی توسیع ملنے کے بعد مائنڈ کی تبدیلی اور ورلڈکپ کپ نئی ٹیم تیار کرنے کے نئے اہداف کا تعین کیا ہے،ون ڈے ٹیم میں رضوان، بابر اعظم اور شاہین شاہ کے مستقبل کے حوالے سے کہا ہے کہ ہم کسی کے نام کے سامنے کراس نہیں کھینچ سکتے۔ اس وقت مائنڈ سیٹ تبدیل کرنا ہے، ایشیا کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہدف ہے، بابر اور رضوان کیلئے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے دروازے بند نہیں کئے۔ منگل کو لاہور میں پریس کانفرنس میں انہوں نے جنگ میں شائع ہونے والی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کو لانا ہے، ان دنوں الگ الگ ٹیمیں بن رہی ہیں۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں شکست کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں۔ مجھے تین ماہ کی توسیع ملی ہے ، کوئی سمجھتا ہے کہ اس وقت کوئی قدم اٹھانا ہے تو بھی تیار ہوں۔