• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان میں بھی کراچی پر ڈاکوؤں کا راج، ایک دن میں 2 شہری قتل

کراچی(اسٹاف رپورٹر) رمضان المبارک کے بابرکت مہینہ میں بھی شہر میں ڈاکو ئوں کا راج جاری ہے،سہراب گوٹھ پنجاب بس اڈہ کے قریب مسلح ملزمان نے ڈکیتی مزاحمت پر گولیاں مار کر20سالہ نوجوان کو ہلاک کر دیا اور موقع سے فرار ہوگئے، تفصیلات کے مطابق سہراب گوٹھ تھانہ کی حدود سہراب گوٹھ پنجاب بس اڈہ کے قریب مسلح ملزمان کی فائرنگ سے20سالہ وسیم ولد احمد شدید زخمی ہوگیا، واقعے کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پرپہنچ کر زخمی نوجوان کو اسپتال منتقل کیا جہاں پر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ گیا ،ایس ایچ او تھانہ سہراب گوٹھ سہیل خاصخیلی نے بتایاہےکہ مقتول لاسی گوٹھ کا رہائشی تھا،وہ اپنی موٹر سائیکل پر پیڈیسٹرن برج کے زریعہ سڑک کی دوسری طرف آرہا تھا کہ ملزمان نے لوٹ مار کی نیت سے اسے روک لیا اس دوران مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کردی ،مقتول کو سینے پر 2گولیاں لگی ہیں جس سے اسکی موت واقع ہوئی ،پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ شاہ لطیف کے علاقے میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہری جاں بحق ہو گیا،شہریوں نے تشدد کر کے ایک ڈاکو کو ہلاک کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کی حدود قائد آباد مرغی خانہ کے قریب سافٹ ڈرنگ کی ڈسٹربیوشن کی دکان میں دو مسلح ڈاکو داخل ہوئے۔ ایس ایچ او راجہ عباس کے مطابق دکان پر پانچ سے چھ افراد موجود تھے ۔ اس دوران وہاں موجود ایک شخص نے مزاحمت کی تو ڈاکو نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں گولی لگنے سے 35سالہ بابر ولد گل دراز زخمی ہو گیا، اس دوران اس کے ساتھ موجود لڑکوں نے ایک ڈاکو کو پکڑ لیا اور شدید تشدد کانشانہ بنایا۔زخمی شہری کو جناح اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا جہاں راستے میں ہی وہ دم توڑ گیا۔مقتول کے لواحقین نے بتایا کہ مقتول بابر 3بچوں کاباپ اور کولڈرنگ کمپنی کا ڈسٹری بیوٹر تھا۔ مقتول سات بھائیوں میں پانچویں نمبر پر تھا۔لواحقین نے بتایا کہ دو مسلح ڈاکو واردات کے لیے دکان میں داخل ہوئے۔ بابر نے مزاحمت کرتے ہوئے ایک ڈاکو کو پکڑا تو دوسرا ڈاکو فائرنگ کر کے فرار ہوا۔ ڈاکو کو شہریوں نے تشدد کا نشانہ بنایا۔تشدد سے زخمی ہونے والے مبینہ ڈاکو کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسپتال میں مشتعل عوام نے زخمی ڈاکو پر دوبارہ تشدد کیا۔پولیس نے ڈاکو کو محفوظ مقام پر لے جانے کی کوشش کی تاہم زخمی حالت میں پکڑا جانے والا مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگیا۔ مقتول بابر کاآبائی تعلق کےپی کےسےتھا۔مقتول کی لاش کوقانونی کارروائی کے بعد کالابورڈکےقریب واقع سردخانےمنتقل کردیا گیا ہے۔ شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کی حدود میں ڈاکوؤں کی فاسے شہری کی ہلاکت کے بعد علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا اور نیشنل ہائی کو ٹریفک کے لئے بند کردیا ۔ مظاہرین نے بڑھتی ہوئی اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا اور ایس ایس پی ملیر کو بر طرف کرنے کا مطالبہ بھی کیا ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ظالم ڈاکوؤں نے 24 گھنٹوں کے دوران شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کی حدود میں دوشہریوں کی جان لے لی ہے ، پولیس کی نااہلی کے سبب ڈاکوبے خوف دندناتے پھر رہے ہیں۔احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
اہم خبریں سے مزید