اسلام آباد( نیوز رپورٹر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاق اور صوبوں کے تعاون سے ہی ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے گا، 2025میں پولیو کیسز میں منفی رجحان انسداد پولیو مہم کے مؤثر ہونے کی سند ہے۔ ہم پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔وزیر اعظم نے یہ بات گزشتہ روز اپنی زیر صدارت انسدادِ پولیو مہم کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران کہی ، اجلاس کوبریفنگ میں بتایا گیا فروری 2025کی مہم کے دوران متاثرہ اضلاع میں بچوں کی تقریبا 90 فیصد آبادی کو پولیو کے قطرے پلائے گئے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ پولیو کیسز کی بروقت شناخت اور ان میں منفی رجحان کیلئے تمام صوبوں کی انتظامیہ کی پذیرائی پولیو کیسز میں بتدریج کمی تمام صوبوں کی انتظامیہ کی انتھک محنت کی بدولت ممکن ہوئی۔ وزیر اعظم نےپولیو مہم کے دوران سیکورٹی فورسز کے تعاون کو سراہا، انہوں نے پولیو کے تمام ڈیٹا کو ڈیجیٹائز کرنے اور سخت مانیٹرنگ کی ہدایت کی ،اجلاس میں وزیراعظم کو انسدادِ پولیو مہم کی اب تک کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔