لاہور،اسلام آباد(ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت کی جانب سے مہنگائی میں کمی کا مسلسل دعویٰ کیا جا رہا ہے جب کہ ہر ہفتے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ بھی سامنے آ رہا ہے، انڈے، چینی،چاول ایل پی جی سمیت13اشیاء مہنگی، مٹن، بیف، گڑ، گندم کا آٹا، سگریٹ بھی مہنگے، آلو، پیاز، دال ماش،دہی ،باسمتی ٹوٹا چاول کی قیمت کم ہوئی۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جاری کردہ مہنگائی کے بارے میں ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.09فیصد کمی، سالانہ شرح منفی 0.87فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں20اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی آئی، اس دوران13اشیائے ضروریہ کے دام بڑھ گئے۔ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ کیلے10فیصد، چینی3.15فیصد، انڈے2.52فیصد مہنگے ہوگئے۔ اسی طرح مٹن، بیف، گڑ، گندم کا آٹا، چاول، ایل پی جی بھی مہنگی ہوئی۔ گزشتہ ہفتے کپڑوں اور سگریٹس کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پیاز5.59فیصد، چائے4.47فیصد، لہسن 3.89فیصد، ٹماٹر3.60فیصد، دال چنا 3.49فیصد، ماش2.82 فیصد سستی ہوئی۔ آلو کی قیمت میں 2.60فیصد، دال مسور 1.50فیصد سستی، ڈیز2فیصد اور پیٹرول کے نرخوں میں0.24فیصد تک کمی ہوگئی۔