• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کی ایران کو جوہری معاہدہ پر مذاکرات کی دعوت، دباؤ قبول نہیں، تہران

واشنگٹن ، جدہ(اے ایف پی، جنگ نیوز) ٹرمپ کی ایران کو جوہری معاہدے پر مذاکرات کی دعوت ، تہران نے دبائو کو مسترد کردیا، امریکی صدر نے ایران کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ بات چیت یا فوجی کارروائی کا سامنا کریں، ایران کیساتھ مذاکرات کو ترجیح دوں گا ، ایران کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتا کیوں کہ ایرانی عظیم لوگ ہیں ، ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ دھمکیوں کے دوران مذاکرات نہیں کرینگے، جوہری پروگرام کو فوجی کارروائیوں سے تباہ نہیں کیا جا سکتا،اقوام متحدہ میں ایران کے مندوب نے کہا ہے کہ انہیں صدر ٹرمپ کی جانب سے کوئی خط نہیں ملا ہے ، روس نے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کی پیشکش کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے ایرانی رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای کو خط لکھا ہے جس میں انہیں جوہری معاہدے پر مذاکرات کی دعوت دی ہے تاہم انہوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر تہران نے جوہری ہتھیاروں کی تیاری نہ روکی تو اسے ممکنہ فوجی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا، ایران نے جوہری مذاکرات کیلئے کسی بھی قسم کے دبائو کو قبول کرنے سے انکار کردیا ہے ، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اے ایف پی کو بتایا کہ وہ دھمکیوں کے دوران امریکا کے ساتھ اپنے جوہری پروگرام پر مذاکرات دوبارہ شروع نہیں کرے گا، کیونکہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنی ’زیادہ سے زیادہ دباؤ‘ کی پالیسی پر کاربند ہیں، جوہری پروگرام کو فوجی کارروائیوں کے ذریعے تباہ نہیں کیا جا سکتا، یہ ایک ایسی ٹیکنالوجی ہے جو ہم نے حاصل کی ہے۔

اہم خبریں سے مزید