• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان المبارک اس لئے ملا ربِ کو راضی کر سکیں ، پیر نقیب الرحمن

راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے) دربارِ عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین پیر محمدنقیب الرحمن نے کہا ہے کہ ہم نہایت عظمتوں والے ماہِ ِ رمضان المباک کے عشرہ ِرحمت سے گزر رہے ہیں اور عشرہِ مغفرت میں داخل ہونے والے ہیں۔ اسی عظیم ماہِ مبارک میں وطن عزیز پاکستان ہم پر انعام ہوا اور اس کی تعمیر و ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے ہمیں اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہئے۔ موجودہ حالات اس چیز کے متقاضی ہیں کہ اندرونی طور پر وطنِ عزیز میں کسی قسم کے خلفشار اور عدمِ استحکام پیدا نہ ہو، ہمیں چاہئے کہ اپنی صفوں میں مکمل اتحاد و اتفاق رکھیں اور اخوت، رواداری، تحمل اور برداشت کو فروغ دیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید گاہ شریف میں ہفتہ وار درسِ حدیثِ پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک اس قدر با عظمت اور مبارک مہینہ ہے کہ جس کے بارے میں حضور نبی کریم ؐ کی احادیثِ مبارکہ میں سے یوں روشنی ملتی ہے کہ جو شخص روزہ رکھ کر بھی برائیوں سے باز نہ آئے تو آپ ؐ نے فرمایا کہ میرے رب کو ایسے شخص کے بھوکا پیاسا رہنے کی کوئی احتیاج نہیں ہے اور ایک اور حدیث مبارکہ میں فرمانِ نبوی ؐ موجود ہے کہ جس کسی نے ربِ کریم کی رضا کی خاطر کسی روزےدار کا روزہ افطار کروایا تو اللہ کریم اس کے تمام گناہ معاف فرما دے گا، روزے دار کے برابر اجر و ثواب عطا فرمائے گا جس سے روزے دار کے ثواب میں بھی کمی نہ ہو گی۔ان احادیث ِ مبارکہ کی روشنی سے ہمیں پتہ چلتا ہے کہ نیکیوں کا یہ موسم ِ بہار رمضان المبارک ہمیں اس لئے ملا کہ ہم اپنے ربِ کریم کو راضی کر کے اپنا دین و آخرت سنوار سکیں۔
اسلام آباد سے مزید