• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیری خواتین کو بھارتی فورسز کی درندگی کا سامنا ہے، شرکاء سیمینار

اسلام آباد(نامہ نگار)خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر میں نائلہ چوہان کی صدارت میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ مقررین نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی خواتین کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر میں کشمیری خواتین کے لازوال اور بے مثال کردار کے نتیجے میں انہیں بھارتی فورسز کی درندگی کا سامنا کرنا پڑھ رہا ہے اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی افواج کشمیری خواتین کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کررہی ہیں ۔ مقررین نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ کشمیر میں 1989 سے ہزاروں خواتین کے شوہروں کو حراست کے دوران لاپتہ یا جعلی مقابلوں میں شہید کردیا ہے اور ان خواتین کو ابھی تک معلوم نہیں کہ ان کے شوہر زندہ ہے یا شہید کر دیئے گئے ۔ مقررین نے اقوام متحده ، او آئی سی ، عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری خواتین کو بھارتی فورسز کے ہاتھوں جنسی ، نفسیاتی ،جذباتی اور جسمانی تشدد سے بچانے اور تہاڑ جیل سمیت مختلف بھارتی جیلوں میں قید خواتین کی رہائی کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالیں ۔ سیمینار میں سینئر حریت رہنما شمیم شال، مسزز درانی، ڈاکٹر شاہینہ ،ڈاکٹر شگفتہ روف،مہر النسا، سمیرا قریشی ، ڈاکٹر فریال ، عطیہ صاحبہ،خولہ خان ، بے نظیر صاحبہ، سینئر حریت رہنما محمود احمد ساغر، مشتاق احمد بٹ سمیت دیگر نے شر کت کی ۔
اسلام آباد سے مزید