اسلام آباد (رانا غلام قادر ) اعلیٰ اختیاراتی سلیکشن بورڈ نے گریڈ 21کے گیارہ افسروںکو گریڈ 22میں ترقی دینے کی منظوری دیدی ۔ یہ منظوری پیر کے روز نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں دی گئی ۔ اجلاس میں بورڈ ممبران وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اسٹیبلشمنٹ احد خان چیمہ ،پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری ،سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن انعام اللہ خان دھاریجو اور سیکرٹری کا بینہ ڈویژن کامران علی افضل نے شرکت کی، عدالتی حکم امتناعی باعث ایف بی آر کے 7افسروں کو ترقی نہ مل سکی ۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے علامیہ کے مطابق انفارمیشن گروپ کی ایک آسامی پر سیکریٹری وزارتِ اطلاعات ونشریات عنبرین جان کو ترقی دی گئی ۔ سیکرٹریٹ گروپ کی 5آسامیوں پر ایڈیشنل سیکرٹری بین الصو بائی رابطہ ڈویژن ظہور احمد، ایڈیشنل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن ڈاکٹر نواز احمد، ایڈیشنل سیکرٹری مو سمیاتی تغیر عائشہ حمیرا چوہدری، ایدیشنل سیکر ٹری موسمیاتی تغیرحماد شمیمی اور ایڈیشنل سیکرٹری فنا نس ڈویژن ( ملٹری) محمد اسلم غوری، پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس کے شہزاد حسن اور سید محمدعمار نقوی کو ترقی دی گئی ۔پوسٹل گروپ کےسمیع اللہ خان، ریلویز کے سید مظہر علی شاہ اور اکانومسٹ گروپ کے ڈاکٹر امتیاز احمد کو گریڈ 22 میں ترقی دینے کی منظوری دی گئی ۔ ذرائع کے مطابق ان لینڈ ریونیو سروس اور کسٹم سروس کے افسروں کے ترقی کے کیسز اسلام آ باد ہائی کورٹ سے حکم امتناعی کی وجہ سے زیر غور نہیں آسکے ۔ ایف بی آر کی گریڈ بائیس کی سات آسامیاں خالی ہیں۔قبل ازیں ہائی پاورڈ سلیکشن بورڈ نے 5مارچ کو منعقدہ اجلاس کے پہلے مرحلے میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس ۔پولیس سروس اور فارن سروس کے 36افسروں کو گریڈاکیس سے بائیس میںترقی دینے کی منظوری دی تھی ۔ اس طرح مجموعی طور پر کل 47افسروں کو گریڈ بائیس میں ترقی دی گئی۔