• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قانون کی خلاف ورزی پر گاڑی کی قیمت سے دگنا جرمانہ لگادیا گیا

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

سوئٹزرلینڈ میں ایک وکیل پر موٹر وے پر ڈرائیونگ کے دوران ٹیل گیٹنگ (اگلی گاڑی کے پیچھے بہت کم فاصلہ رکھ کر ڈرائیونگ) کرنے پر ایک لاکھ 10 ہزار امریکی ڈالر کے مساوی جرمانہ کیا گیا۔ 

واضح رہے کہ وسطی یورپی ملک سوئٹزرلینڈ قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور ہوش اڑانے کی حد تک زیادہ جرمانے کے لیے مشہور ہے۔ جبکہ سوئٹزر لینڈ ان چند ممالک میں سے ایک ہے جہاں جرمانے کا حساب خلاف ورزی کرنے والے کی قابل ٹیکس آمدنی کے مطابق لگایا جاتا ہے، تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ غریب اور امیر دونوں برابر ہیں۔ 

مثال کے طور اگر 300 ڈالر جرمانہ کیا جائے تو کم آمدنی والے کےلیے تو یہ بہت ہے لیکن کسی کروڑ پتی کےلیے سمندر میں قطرے کے مترادف ہے۔ سوئس قوانین کے مطابق معمولی جرائم پر بھی دولت مند لوگوں پر زیادہ جرمانہ کیا جاتا ہے۔

مذکورہ بالا صورتحال اس وقت سامنے آئی جب  2023 میں سوئس کینٹن آرگاؤ کے ایک 58 سالہ وکیل کو پولیس نے جرمن سرحد کے قریب زیورخ سے لوزان جانے والی موٹر وے پر پولیس نے ٹیل گیٹنگ پر پکڑا، عدالت نے ان پر لاپرواہی سے ڈرائیونگ پر انکی قابل ٹیکس آمدنی (18 لاکھ امریکی ڈالر) پر ایک لاکھ 9 ہزار 500 ڈالر کا جرمانہ کیا۔

جس پر اس وکیل نے جرمانے کے خلاف اپیل کی، انکے خلاف شواہد کے مطابق انھوں نے 74 میل فی گھنٹہ کی اسپیڈ سے اگلی گاڑی سے بہت قریب ( 26 سے 40  فٹ) فاصلہ رکھ کر گاڑی چلائی، اس دوران انھوں نے ڈیڑھ میل تک ڈرائیونگ کی۔

انکا استدلال یہ ہے کہ سوئس قانون میں ٹیل گیٹنگ کے حوالے سے کوئی واضح قانون یا حد مقرر نہیں ہے۔ لہٰذا ان پر کیا گیا جرمانہ قواعد کے مطابق نہیں۔

تاہم گزشتہ ماہ سوئس سپریم کورٹ نے موٹروے حکام کا فیصلہ برقرار رکھا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ خلاف ورزی کے وقت وہ بی ایم ڈبلیو  540d سیڈان چلا رہے تھے اور 109,500 ڈالر چالان کی رقم سے ایسی دو گاڑیاں خریدی جاسکتی ہیں۔

دلچسپ و عجیب سے مزید