راولپنڈی (نمائندہ جنگ) کنزیومر اتھارٹی نے شہریوں کو ناقص و غیر معیاری اشیاء کی فروخت پر متعدد دوکانداروں کو چار لاکھ پچیس ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔ ڈسٹرکٹ کنزیومر پروٹیکشن کونسل راولپنڈی نے راولپنڈی ضلع میں ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے، اشیاء پر تاریخ تیاری و اختتام درج نہ کرنے اور ریٹرن و ریفنڈ پالیسی کا اظہار نہ کرنے والوں کے خلاف ریفرنسز کنزیومر اتھارٹی کو بجھوائے تھے جس پر کارروائی کرتے ہوئے خلاف ورزی کی مرتکب کمپنیوں اور افراد کو جرمانہ عائد کیا گیا۔دریں اثنا پوری دنیا سمیت پاکستان میں بھی 15مارچ کو صارفین کے حقوق کے دن کے طور پر منایا گیا۔اس سلسلے میں راولپنڈی میں آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس میں سٹاف، ممبران کنزیومر کونسل اور شہریوں نے شرکت کی۔ واک میں لوگوں کو بتایا گیا کہ پنجاب میں کنزیومر ایکٹ کے تحت صارفین ناقص غیر معیاری اشیاء و سروسز کے خلاف کنزیومر کورٹ سے رجوع کرسکتے ہیں۔