کراچی(اسٹاف رپورٹر ) بلدیہ ٹائون میں راشن لینے آنے والے خاتون بھگڈر مچنے کے باعث اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھی جبکہ تین خواتین زخمی ہو گئیں، پولیس کے مطابق یوسی نائن کے وائس چیئرمین شہزاد قادری اور مخیر حضرات کے تعاون سے غریب خواتین میں راشن کی تقسیم کی جانی تھی ، وائس چیئرمین کی جانب سے پولیس کو اطلاع بھی دی گئی تھی اور پولیس اہلکار و خواتین پولیس اہلکار بھی موجود تھیں ، راشن کے لئے آئی ہوئی خواتین کی بھی بڑی تعداد جمع تھی کہ اچانک دروازے پر بھگڈر مچ گئی ، جس کے نتیجے میں 35 سالہ میناز زوجہ عارف جاں بحق ہوگئی جو سیکٹر سی تھری کی رہائشی تھی جبکہ تین خواتین معمولی زخمی ہوئی جنہیں اسپتال سے طبی امداد دینے کے بعد گھر روانہ کردیا گیا ، وائس چیئرمین شہزاد قادری کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون روزے کی حالت میں تھی جس کی پہلے سے طبیعت خراب تھی، ہم نے خاتون کو الگ کمرے میں بٹھا دیا ،ایمبولینس کے پہنچنے پر ہم لوگ خاتون کو کمرے سے نکال کر ایمبولینس میں منتقل کررہے تھے کہ دروازے پر اچانک بھگڈر مچ گئی ، دروازے پر1500سے 2000خواتین کی تعداد جمع تھی۔