کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے فیڈرل بی ایریا بلاک 16میں افطارعام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزوہ بدر وہ فیصلہ کن اور تاریخ ساز جنگ تھی جس میں ملت اسلامیہ کی تقدیر اور دعوت حق کے مستقبل کا فیصلہ ہوا ،اس کے بعد آج تک مسلمانوں کو جتنی فتوحات اور کامیابیاں حاصل اور ان کی جتنی حکومتیں اور سلطنتیں قائم ہوئیں وہ سب اسی فتح مبین کی مرہون منت ہیں، اسی لیے اللہ تعالی نے اس جنگ کو قرآن مجید میں یوم فرقان یعنی حق اور باطل میں فرق کا دن کہا ہے، افطار عام میں ٹاؤن چیئرمین نصرت اللہ،علاقہ کے معززین و دیگر بھی موجود تھے، منعم ظفر خان نے مزیدکہاکہ آج چودہ سو سال بعد ملت اسلامیہ نہایت ہی تاریک دور سے گزر رہی ہے اور حقیقت کو نگاہ میں رکھا جائے تو عالم اسلام کا بیشتر حصہ نوزائیدہ مملکتوں پر مشتمل ہے، لیکن دور نبوی ؐکی طرح وسائل کی کوئی کمی نہیں اس کے باوجود ملت اسلامیہ ہر طرف سے دشمنوں کے درمیان گھری ہوئی ہے۔