• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علماء کو ٹارگٹ کرنا پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے ہوتا ہے، وزیر مذہبی امور

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر مذہبی امورسر دار محمد یوسف نے کہا ہے کہ علماء کو شہید کرنا ایک دہشت گردی ہے، پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے ایسے حملے کرتے رہے ہیں، علماء کا ٹارگٹ کرنا پاکستان کو کمزور کرنے کے لئے ہوتا ہے، کوئی مولوی ایک دوسرے کیخلاف نہیں، پاکستان کے حج کوٹے کے تحت اس سال کوئی حاجی ڈراپ نہیں کیا گیا، سعودی عرب نے زائد عمرہ زائرین کی آمد کے باعث عمرے کے ویزے بند کئے ہوئے ہیں،پاکستان میں مزید صوبے بننے چاہئیں، ہم انتظامی بنیاد پرصوبہ چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں جیو نیوز کے پروگرام ’’جرگہ‘‘ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ وزارت مذہبی امور کے اختیارات اب کم ہوگئے، اس وزارت کے اختیارات کا سب سے بڑا حصہ حج ہے، انڈیا کی اور ہماری کرنسی میں کافی فرق ہے۔موازنہ کریں توہمارے حج اخراجات ان کے برابر ہیں۔ پاکستان کے حج کوٹے کے تحت اس سال کوئی حاجی ڈراپ نہیں کیاگیا۔50فیصدحاجی پرائیویٹ آرگنائزرز کے ذریعے جائیں گے۔ باقی50 فیصد سرکاری کوٹے کے تحت حج پر جائینگے۔ہماری کوشش ہے کہ پرائیویٹ حج آرگنائزرکے مسئلے کو حل کرالیں۔اسلامی نظریاتی کونسل کو1973ء کے آئین کے مطابق بنایا ہے۔کوئی بھی قانون جو قر آن و سنت سے متصادم ہو وہ نہیں بن سکتا۔اس کو سب سے پہلے اسلامی نظریاتی کونسل دیکھے گی۔ اسلامی نظریاتی پہلے تجویزکرتی ہے پھر اس پر رجسٹریشن ہوتی ہے۔ اسلامی نظریاتی کونسل کا اب براہ راست تعلق وزارت قانون کے ساتھ ہے۔رویت ہلال کمیٹی آج کی نہیں عرصے سے چل رہی ہے۔رویت ہلال کمیٹی دیگر اسلامی ممالک میں بھی ہے۔او آئی سی کے فورم پر چاند کے معاملے کو دیکھا جائے۔ ساری دنیا میں ایک دن روزہ رکھا جائے اور عید بھی کی جائے۔ یہ ایک یکجہتی کا بھی اظہار ہوگااور پوری مسلم امہ اس کے ساتھ متفق بھی ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ دینی اداروں کے نصاب کے حوالے سے سوچنا چاہئے۔ اس سلسلے میں ہم نے علماء مشائخ کونسل بنائی تھی۔
اہم خبریں سے مزید