اسلام آباد(این این آئی مانیٹرنگ ڈیسک) جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں نوازشریف اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، حکومت مخالف تحریک میں پی ٹی آئی سے اتحاد کا فیصلہ پارٹی کے مشاورتی کونسل اجلاس میں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی نے حکومت کے خلاف تحریک چلانے کے لیے مجلس عمومی کا اجلاس بلایا ہے، اور عید کے بعد اس حوالے سے مزید فیصلہ کیا جائے گا۔مولانا فضل الرحمنٰ کا کہنا تھا کہ حکومت اور پارلیمان کٹھ پتلی ہیں، وزیراعظم، صدر اور وزیر داخلہ اہل نہیں ہیں، موجودہ حکمران الیکشن جیت کر نہیں آئے۔انہوں نے کہا کہ ریاست خطرے میں ہے، حیرت ہے کہ ہم اپوزیشن میں ہو کر ملک کا سوچ رہے ہیں، جبکہ حکومت ملک کا کیوں نہیں سوچ رہی ہے۔