صنعاء ،کراچی(اے ایف پی، نیوزڈیسک) یمن پر بڑے پیمانے پر امریکی فضائی حملوں کے نتیجے میں شہید افراد کی تعداد 31ہوگئی ہے جبکہ 101افراد زخمی ہوگئے ، امریکی صدر ٹرمپ نے حوثیوں کو دھمکی دی ہے کہ وہ بحیرہ احمر میں جہازوں پر حملے بند کریں جبکہ ایران کو متنبہ کیا ہے کہ وہ حوثیوں کی مدد بند کریں، یمنی گروپ کا کہنا ہے کہ انہوں نے بحیرہ احمر میں امریکی بحیری بیڑے اور جنگی جہازوں پر 18میزائل داغے اور ڈرون سے حملے کئے ہیں ، حماس نے امریکی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے غزہ کیلئے حوثیوں کی حمایت کو سراہا ہے ، ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ حسین سلامی کا کہنا ہے کہ ایران جنگ شروع نہیں کرے گا تاہم اگر اس پر مسلط کی گئی تو فیصلہ کن جواب ضرور دے گا۔ تفصیلات کے مطابق یمن پر امریکی حملوں میں شہداء کی تعداد 31 ہوگئی ہے ، حوثیوں کی وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا ہے کہ دارالحکومت صنعاء، سعدہ، البیضا اور رداع کے علاقوں پر بمباری کے دورا ن شہید ہونے والوں میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے حوثیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمہارا وقت ختم ہوگیا ہے اور آج سے تمہارے حملے بند ہونے چاہئیں ورنہ تمہارے ساتھ وہ ہوگا جو پہلے نہیں ہوا۔صدر ٹرمپ نے ایران کو بھی متنبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر حوثیوں کی حمایت بند کرے، اگر حمایت جاری رکھی تو امریکا اسے پوری طرح ذمہ دار ٹھہرائے گا اور ہم نرمی نہیں برتیں گےامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے ہفتے کی رات کے حملوں کا حکم دیا تھا ، انہوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر باغی بحیرہ احمر اور خلیج عدن پر اپنے حملے جاری رکھیں گے تو اس طرح کے مزید کارروائیوں کا سامنا ہوگا ۔امریکی قومی سلامتی کے مشیر مائیکل والٹز نے اے بی سی نیوز کو بتایا کہ حملوں میں "متعدد حوثی رہنماؤں کو نشانہ بنایا گیا اور ان کا قلع قمع کردیا گیا ۔