• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نہروں پر احتجاج کرنیوالے بتائیں کیا کراچی کو حصے کا پانی دیا، خالد مقبول

حیدرآباد(بیورورپورٹ)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین اور وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ نہروں پر احتجاج کرنے والے بتائیں کہ کیا کراچی کو اس کے حصے کا پانی دے رہے ہیں ، سب سے پہلے پینے کے پانی کی اہمیت ہے ۔ وہ خدمت خلق فاؤنڈیشن کے زیر انتظام غریب و مستحق افراد میں راشن کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ایم کیوایم ذونل آرگنائزر ظفر صدیقی نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ اس جاگیردارانہ جمہوریت سے خیر برآمد نہیں ہوسکتی‘ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پالیسیاں بنانے کے بجائے ایکشن لینے کی ضرورت ہے۔ دہشت گردوں نے بلوچستان میں جو کارروائی کی ہے اس طرح کی کارروائی کو رمضان کے مقدس مہینے میں بدترین قبائل بھی نہیں کرتے تھے۔ انہوں نے کہاکہ دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کی بات کرنے والے یہ تو بتائیں کہ شہری علاقوں کو وہ کتنا پانی دے رہے ہیں۔ سب سے پہلے پینے کے پانی کی اہمیت ہے، کراچی کو کیا اس کو حصے کا 37فیصد پانی مل رہا ہے ، نہروں کے مسئلے پر تمام صوبوں کو اعتماد میں لے کر حتمی فیصلہ کرنا چاہئے ، چھ نہریں نکالی جارہی ہیں جن میں ایک کے پی کے کی، ایک پنجاب اور دو سندھ کیلئے ہے۔ کہاجاتا ہے کہ پاکستان میں سب سے بہترین نہری نظام ہے تو پھر یہ پانی کا مسئلہ کیوں پیدا ہورہا ہے۔ نہروں کے معاملے پر سیاست کے بجائے ماہرین کے ساتھ بیٹھ کر معاملات طے کئے جائیں۔ سندھ میں احتجاج کرنے والے یہ بتائیں کہ وہ سندھ میں پانی کی تقسیم منصفانہ بنیاد پر کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے وزارت اپنی خواہش پر نہیں لی ہے بلکہ جمہوریت کو کاندھا دینے کیلئے لی ہے۔ حیدرآبا دمیں ایک یونیورسٹی بنائی گئی ہے جلد ہی این ای ڈی اور دیگر یونیورسٹی کے کیمپس بھی یہاں لائے جائیں گے ۔کراچی میں سات اضلاع ہیں وہاں ایک یونیورسٹی ہے جبکہ ہر ضلع میں ایک یونیورسٹی ہونی چاہئے تھی ہم جلد ہی وہاں بھی یونیورسٹیاں لائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم روایت شکن تنظیم ہے اور اچھی روایت کی امین ہے۔ یہ سیاسی تنظیم سے بڑھ کر اس نے جاگیردارانہ موروثی اور خاندانی سیاست کے خاتمے کیلئے ماڈل پیش کیا ہے ، ہم نے پہلے طلباء تنظیم بنائی، پھر خدمت کی سیاست کی اور پھر ملک کے عوام کو سیاسی پلیٹ فارم دیا۔ ایم کیوایم کی سیاست خدمت کی سیاست ہے اس روایت کو ہمیں ہر حالت میں اور ہر صورت میں پورا کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف ہم ہیں جو عوام کی بلاامتیاز خدمت کررہے ہیں دوسری طرف خودکش بمبار جو مساجد اور عبادتگاہوں پر بھی دہشت گردی سے بات نہیں آرہے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید