لندن کے میئر صادق خان نے گھریلو تشدد کے شکار افراد کی مدد کے لیے 6 ملین پاؤنڈ کے نئے فنڈ کا اعلان کیا ہے۔
یہ فنڈ محفوظ رہائش اور طویل مدتی مدد فراہم کرکے ہزاروں متاثرین کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
2021 میں شروع ہونے والے ڈومیسٹک ایبیوز سیف ایکوموڈیشن (ڈی اے ایس اے) پروگرام کے تحت اب تک 23 ہزار 500 سے زائد شکار افراد کو مدد مل چکی ہے۔
یہ نئی رقم میئر لندن کے گھریلو تشدد کے خلاف 233 ملین پاؤنڈ کے وسیع عزم کا حصہ ہے۔
یہ فنڈ کی ورکرز، ہیلپ لائنز اور وکلاء کی خدمات کے ساتھ ساتھ بچوں کےلیے کاؤنسلنگ اور تھیراپی جیسی سہولیات فراہم کرے گا، ڈی اے ایس اے پروگرام کے تحت 2022 ءسے 2024ء تک 81 اہم خدمات قائم کی گئی ہیں۔
انگلینڈ اور ویلز کے حالیہ جرائم سروے کے مطابق مارچ 2024ء تک 2 اعشاریہ 3 ملین افراد گھریلو تشدد کا شکار رہے ہیں جبکہ لندن میں فروری 2025ء تک 86 ہزار 863 کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
میئر کا کہنا ہے کہ گھریلو تشدد کے شکار افراد کو مالی مشکلات کی وجہ سے اکثر ظالموں کے ساتھ رہنا پڑتا ہے اور یہ فنڈ انہیں محفوظ راستہ فراہم کرے گا۔
یہ اقدام گھریلو تشدد کے خلاف جنگ میں ایک اہم قدم ہے لیکن اس بحران کے حل کے لیے مزید کوششوں کی ضرورت ہے۔