• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیپاٹائٹس سی کا بہت جلد ملک سے مکمل خاتمہ ہو جائے گا، شہباز شریف

اسلام آباد( نیوز ر پورٹر)وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان سے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کیلئے وفاقی و صوبائی حکومتوں اور تمام سٹیک ہولڈرز کی مربوط کوششوں پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم کے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے پروگرام کو ملک بھر میں وسعت دینےکے عزم کا اظہار کیا ہے، انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت کی کوششوں سے ہیپاٹائٹس سی کا بہت جلد ملک سے مکمل خاتمہ ہو جائے گا،اس بیماری کے پھیلاؤ کے پیش نظریہی وقت ہے کہ اس پر موثر انداز میں قابو پانے کے لئے کوششیں بروئے کار لائی جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت اسلام آباد میں جناح میڈیکل سینٹر قائم کر رہی ہے جو صحت عامہ کے شعبہ میں پاکستان کا جانزہاپکنز ہسپتال ثابت ہوگا۔ گلگت بلتستان میں وزیر اعظم کے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے قومی پروگرام کے پائلٹ پراجیکٹ کی کامیاب تکمیل کے موقع پر منگل کو منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ملک میں اس بیماری کے وسیع اثرات سے نبردآزما ہونے کے لئے اس اقدام کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے اس ضمن میں آغا خان خان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک اور عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او ) کی نمایاں معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہیپا ٹائٹس یونٹ ابتدائی طور پر پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ میں قائم کیا گیا تھا اور بعد میں اس کا دائرہ دوسرے سرکاری ہسپتالوں تک پھیلایا گیا جہاں مریضوں کو 100فیصد مفت علاج کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔
اہم خبریں سے مزید