• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شعبہ فارمیسی سروسز کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) انسٹی ٹیوٹ آف فارماسیوٹیکل سائنسز اور لیڈی ریڈنگ ہسپتال (ایل آر ایچ) میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشن کے شعبہ فارمیسی سروسز کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم اویو) پر دستخط ہو گئے جس کا مقصد فارمیسی کے طلبہ کو عملی مہارتوں سے آراستہ کرنا اور کلینیکل فارمیسی کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ہے۔ ایم او یو پر کے ایم یو آئی پی ایس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سمیع سراج اور ایل آر ایچ کے فارمیسی منیجر ڈاکٹر عزیز اللہ نے دستخط کئے۔ معاہدے کے تحت فارمیسی کے طلبہ کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے مختلف شعبہ جات میں تجربہ کار فارماسسٹس کے زیرِ نگرانی تربیت دی جائے گی جس میں دوا کی تیاری، معیاری ڈسپنسنگ اور مریضوں کے علاج میں فارماسسٹ کے کلیدی کردار پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس معاہدے کے تحت ایل آر ایچ کے فارماسسٹس طلبہ کو عوامی شعبے میں متعارف کردہ کمپیوٹرائزڈ فزیشن آرڈر انٹری سسٹم کے استعمال، ادویات کی درست مقدار، مریضوں کی میڈیکل ہسٹری اور دواؤں کے ممکنہ ردِعمل کی جانچ کے جدید اصول سکھائگ جائیں گے ۔ یہ معاہدہ دونوں اداروں کے درمیان تعلیمی اور تحقیقی تعاون کو فروغ دے گا، جس کے تحت مشترکہ تحقیق، ورکشاپس اور سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس شراکت داری سے طلبہ کو ہسپتال کی حقیقی طبی صورتحال میں فارماسسٹ کے عملی کردار کو سمجھنے کا موقع ملے گا اور انہیں کلینیکل فارمیسی، میڈیکیشن مینجمنٹ اور ڈرگ تھراپی کے مختلف پہلوؤں کی تربیت دی جائے گی۔ مزید برآں اس معاہدے کے تحت طلبہ کو ادویات کی معیاری لیبلنگ، محفوظ ڈسپنسنگ اور مریضوں کی آگاہی کے حوالے سے بھی جدید تکنیک سکھائی جائے گی۔دریں اثناء وائس چانسلر کے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے اس معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ نہ صرف خیبر پختونخوا میں فارمیسی کے تعلیمی معیار کو بلند کرنے میں معاون ثابت ہوگا بلکہ فارماسسٹ کے عملی کردار کو مزید مؤثر بنانے میں بھی مدد دے گا ۔
پشاور سے مزید