محبت کے پیچھے پاکستان سے اپنے 4 بچوں سمیت نیپال کے ذریعے بھارت جانے والی سیما حیدر اور ان کے بھارتی شوہر سچن مینا کے یہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ریاست اتر پردیش کے شہر گریٹر نوئیڈا کے کرشنا اسپتال میں سیما حیدر نے منگل کی صبح سچن مینا کی اولاد بیٹی کو جنم دیا ہے۔
واضح رہے کہ سیما حیدر کے اپنے پہلے شوہر غلام حیدر سے 4 بچے ہیں جبکہ اپنے بھارتی شوہر سے یہ ان کی پہلی اولاد ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سچن مینا کے اہل خانہ نے بیٹی کی پیدائش پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
سچن مینا کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ سیما اور نومولود بچی دونوں صحت مند ہیں اور جَلد ہی اسپتال سے انہیں ڈسچارج کر دیا جائے گا، تاحال نومولود کا نام نہیں رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب خاندانی ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں باقاعدہ ایک تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ سیما اور سچن اپنے نومولود بچی کے لیے بھارتی شہریت کی درخواست دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
یاد رہے کہ سیما حیدر پاکستانی شہر کراچی کی رہائشی تھی جس کا شوہر دبئی میں مقیم تھا۔
سیما کی سچن سے دوستی ایک آن لائن ویڈیو گیم کے ذریعے ہوئی تھی۔
2023ء میں سیما حیدر اپنے 4 بچوں سمیت نیپال کے راستے غیر قانونی طور پر بھارت اپنی آن لائن محبت سچن کے پاس چلی گئی تھی۔
سیما حیدر کا اپنے پہلے شوہر سے 8 سالہ بیٹا فرحان علی اب راج، 6 سالہ بیٹی فروا اب پریانکا، 4 سالہ بیٹی فریحہ بتول اب منی اور فرح اب پری کہلاتی ہے۔
گزشتہ برس سیما کے پاکستانی شوہر غلام حیدر نے ایک بھارتی وکیل کے ذریعے نوئیڈا کی فیملی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں سچن مینا کے ساتھ سیما کی شادی اور اپنے بچوں کا مذہب تبدیل کرنے کو چیلنج کیا تھا۔