• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی ہدایت پر چینی کی گراں فروشی کیخلاف کراچی سمیت سندھ بھر میں کریک ڈاؤن، قیمتیں کم ہونا شروع، ذرائع

کراچی( افضل ندیم ڈوگر) ملک بھر میں چینی کی گراں فروشی کے خلاف وزیراعظم کی ہدایت پر کراچی سمیت سندھ بھر میں 3 وفاقی اداروں کی مشترکہ ٹیموں کے شوگر مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کی وجہ سے چینی کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ ان کاروائیوں میں شامل حساس ادارے کے ذمے دار افسر کے مطابق ایف آئی اے ‘ایف بی آر اور انٹیلی جنس بیورونے شوگر مافیا کے خلاف دو روز قبل مشترکہ کریک ڈاؤن شروع کیا۔ چینی کے ہول سیل ڈیلرز کی پکڑ دھکڑ شروع کی گئی‘ ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں کوئی باقاعدہ گرفتاری تو عمل میں نہیں آئی تاہم چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران ہی شوگر مافیا نے گھٹنے ٹیک دیئے اور فوری طور پر چینی کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہوئی۔ ذرائع کے مطابق شوگر ڈیلرز کی جانب سے شوگر ملز کے ڈیلیوری آرڈرز پر سٹہ کھیلنے کی وجہ سےچینی مہنگی ہوئی۔ ذرائع کے مطابق چینی کے ہول سیل بیوپاریوں نے فروری میں شوگر ملز سے ایڈوانس میں ڈلیوری آرڈرز حاصل کر لیے تھے۔ چینی کے ذخائر شوگر ملوں میں رہے جبکہ ایجنٹوں نے ان ڈلیوری آرڈرز کو کئی کئی ایجنٹوں تک فروخت کیا۔ کسی نے فی کلوگرام 5 روپے منافع کمایا تو کسی نے دو تین روپے فی کلو رکھے، ہر ایجنٹ نے اپنا منافع رکھ کر ڈیلیوری آرڈرز آگے فروخت کیے۔ جس پر چینی مارکیٹ میں آنے سے پہلے ہی مہنگی ہوچکی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ کراچی میں اجناس کی ہول سیل مارکیٹ نیوچالی یا جوڑیا بازار کے ہر ایک ہول سیلر نے ایک ماہ میں چینی کی فی کس ایک ارب روپے سے زائد کی خرید و فروخت کی ۔ ذرائع کے مطابق مشترکہ کاروائیوں پر ڈیلرز نے چینی کی قیمت میں کمی کے ڈیکلریشن جمع کرائے تو چینی کی قیمت معمول پر آنا شروع ہوگئی۔ ذرائع نے انکشاف کیا کہ اس بحران میں شوگر مل مالکان سے زیادہ شوگر ایجنٹس نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور فی کس کروڑوں روپے کا دھندا کیا۔

اہم خبریں سے مزید