کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کراچی اور نجف کے درمیان براہ راست پروازیں جلد شروع ہو جائیں گی، جس سے مذہبی زائرین کے سفر میں آسانی ہوگی، یہ بات عراقی قونصل جنرل ڈاکٹر مہر مجاہد جیجان نے وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات میں بتائی، انھوں نے بتایا کہ20برس بعد کراچی میں عراقی قونصل خانے کا افتتاح کر دیا گیا ہے ،تفصیلات کے مطابق بدھ کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے چین کے قونصل جنرل یانگ یونڈونگ (Yang Yundong) اور عراق کے قونصل جنرل ڈاکٹر مہر مجاہد جیجان (Dr Mehr Mujahid Jejan) سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ بات چیت کا مرکز سرمایہ کاری، ترقیاتی منصوبوں اور سفارتی تعاون پر تھا جس سے دونوں ممالک کے ساتھ سندھ کے تعلقات مزید مستحکم ہوئے۔ چینی قونصل جنرل سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کے تحت جاری اور آنے والے منصوبوں کی اہمیت پر زور دی۔ ایک الگ ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عراقی قونصل جنرل ڈاکٹر مہر مجاہد جیجان کو خوش آمدید کہا اور ان کی تقرری پر مبارکباد دی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کراچی میں عراقی قونصلیٹ کا دو دہائیوں بعد دوبارہ کھلنا دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔