پاکستان کی معروف سینئر اداکارہ و میزبان مشی خان نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام شیئر کیا ہے۔
اداکارہ نے اپنی اس نئی ویڈیو میں اداکار و میزبان دانش تیمور کو 4 شادیوں کی اجازت سے متعلق دیے گئے بیان پر آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
مشی خان نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیے گئے ویڈیو پیغام میں ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیا صرف 4 شادیوں کا موضوع ہی رہ گیا ہے بات کرنے کے لیے، باقی سب موضوع ختم ہو گئے ہیں؟
مشی خان نے سماج کی اصلاح کے لیے متعدد موضوعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دین میں ان موضوعات سے متعلق بھی بات کی گئی ہے مگر ہم ان کا ذکر بالکل بھی نہیں کرتے۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ اتنے بڑے پلیٹ فارم پر بیٹھ کر اپنے الفاظ کا چناؤ بہتر رکھنا بہت بڑی ذمے داری کا کام ہے مگر ہم اپنی سب ذمے داریاں بھول جاتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے دانش تیمور کے اس بیان سے بہت دکھ پہنچا ہے۔
واضح رہے کہ معروف پاکستانی اداکار اور میزبان دانش تیمور نے اپنے 4 شادیوں سے متعلق دیے گئے بیان پر معافی مانگ لی ہے۔
اپنے بیان پر شدید تنقید کا سامنا کرنے کے بعد دانش تیمور نے اپنے مداحوں کے لیے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے معذرت کی اور اپنی بات کو مزید واضح کیا ہے۔
ویڈیو میں دانش تیمور نے کہا ہے کہ مجھے معلوم ہے کہ آپ سب مجھ سے ناراض ہیں، کچھ لوگ یہ سمجھ رہے ہیں کہ میں نے اپنی بیوی عائزہ خان کی بے عزتی کی ہے، لیکن ایسا بالکل بھی نہیں ہے۔
یاد رہے کہ دانش تیمور نے حال ہی میں اپنی رمضان ٹرانسمیشن کے دوران 4 شادیوں سے متعلق بات کی تھی جس پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
دانش تیمور نے میزبان رابعہ انعم سے گفتگو کے دوران کہا تھا کہ مجھے 4 شادیوں کی اجازت خدا کی طرف سے ہے، میں کر نہیں رہا ’فی الحال‘ یہ اور بات ہے۔
ان کے اس بیان میں ’فی الحال‘ کے لفظ نے تنازع کو جنم دیا تھا۔
سوشل میڈیا صارفین اور مداحوں نے اداکار کے اس بیان کو اس طرح لیا تھا کہ گویا وہ مستقبل میں مزید شادیاں کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔