• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک فوج دہشتگردوں کے عزائم خاک میں ملاتی رہے گی، بلدیہ عظمیٰ کراچی

کراچی (طاہر عزیز۔اسٹاف رپورٹر )بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل نے متفقہ قرارداد کے ذریعے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ماضی کی طرح دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملاتی رہے گی گزشتہ دنوں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات کا ہماری حکومت اور بہادر افواج نےجس طرح دفاع کیا اور کامیابی کے ساتھ دہشت گردوں کو جہنم واصل کیااس پر پوری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے ،شہدا کے لئے دعا،سٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس جمعرات کے روز سٹی کونسل ہال میں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی صدارت میں منعقد ہو ا اس ہنگامی اجلاس سے قائد حزب اختلاف سید سیف الدین ایڈووکیٹ، پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، کونسل کے ممبران مرزا مقبول احمد، نعیم کامران، مبشر احمد، اسد امان، جنید مکاتی، شہزادی رائے نے بھی خطاب کیا ، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، میونسپل کمشنر افضل زیدی بھی اجلاس میں موجود تھے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حق اور سچ کی بات کرنی چاہئے، دنیا میں جہاں بھی ظلم و بربریت ہے ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں، ملک کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لئے ذوالفقا ر علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے کردار کو نہیں بھولنا چاہئے، انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے سیکورٹی اداروں کے ساتھ ہے قرارداد میں مزید کہا گیا کہ پاکستان میں گزشتہ دنوں دہشت گردی کے حوالے سے جو صورتحال پیش آئی اس پر ایک زندہ قوم کی حیثیت سے پوری قوم نے متحد ہو کر ثابت کیا ہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف ہیں، سید سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ پاکستان ہمارا مستقبل ہے ہم فوج کے ساتھ کھڑے ہیں، پیپلز پارٹی کے مرزا مقبول احمد نے کہا کہ جنرل آصف منیر کے آنے کے بعد پوری فوج ملک کے مفاد کے لئے لڑ رہی ہے، مسلم لیگ (ن) کے نعیم کامران نے کہا کہ ملک میں جو دہشت گردی پھیلی ہوئی ہے اس کے خلاف آج کا اجلاس یہ ثابت کرتا ہے کہ پوری قوم متحد ہے،مبشر احمد نے کہا کہ ہمارے ملک اور ہماری زمین کا جو بھی تحفظ کرے گا ہم اس کے ساتھ ہیں اقلیتی ممبر امانت ضیاء نے کہا کہ ملک کی اقلیت پاکستان کی سلامتی اور تحفظ کے لئے اپنے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، اسد امانت خان نے کہا کہ پاکستان زندہ ہے، ہماری افواج ہے تو ہم چین سے رہ رہے ہیں، شہزادی رائے نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف کھڑی ہے اور پاکستان کے تمام صوبوں کو اس کے حقوق ملنے چاہئیں، جماعت اسلامی کے جنید مکاتی نے کہا کہ دہشت گردی کیوں ہوتی ہے اس پر ہمیں غور کرنا ہوگا، عدالتیں انصاف فراہم کریں، کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ سوال پاکستان کی سلامتی پر آئے گا تو ہماری ترجیح پاکستان ہوگا ہمارے اندرونی مسائل ہیں، اجلاس کے آخر میں حکومت اور سیکورٹی اداروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ ان واقعات میں شہید ہونے والے کے درجات بلند فرمائے اور جو زخمی ہوئے ہیں انہیں صحت یابی عطا فرمائے، ان موقع پر حافظ حسین احمد کے لئے دعائے مغفرت کی گئی۔
اہم خبریں سے مزید