• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیو ایم کی دھمکی کام کرگئی، احسن اقبال کا قیادت سے رابطہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان کی حکومت سے علیحدگی کی دھمکی کام کر گئی ، وفاق نے فوری طور پر ایم کیو ایم سے رابطہ کرتے ہوئے شہری مسائل کے حل کے مثبت یقین دہانی کرائی ہے، ایم کیو ایم کے ذرائع کے مطابق جمعرات کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نےسعودی عرب سے ایم کیو ایم کی سنیئر قیادت سے ورچوئل اجلاس کیا، جس میں ایم کیو ایم کے چیئر مین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال، امین الحق، جاوید حنیف، خواجہ اظہار الحسن شریک ہوئے۔ایم کیو ایم کے رہنمائوں نے کراچی اور حیدرآباد کے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا اور کہا کہ تاحال فنڈ جاری نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے پارٹی کو اپنے ووٹرز اور کار کنوں کے شدید دبائو کا سامنا ہے،، میٹنگ میں متعلقہ ادارے کے افسران بھی شریک تھے،، وفاقی وزیر نے جلد ترقیاتی کام شروع کروانے کی یقین دہانی کروائی، بات چیت میں ایم کیو ایم کے لاپتا کارکنوں کی بازیابی، بند دفاتر کے دوبارہ کھولنے کے حوالے سے بھی ایم کیو ایم نے اپنی شکایات سامنے رکھی جس پر انہیں اس حوالے سے بھی مثبت یقین دہانی کرائی گئی۔
اہم خبریں سے مزید