راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) اسسٹنٹ کمشنر ریونیو کے بعد اسسٹنٹ کمشنر کینٹ کا بھی پٹواریوں کے ساتھ تنازع ہوگیا اور فریقین میں بات تلخ کلامی تک پہنچ گئی ۔ذرائع کے مطابق انجمن پٹواریاں/گرداوران کا اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ڈاکٹر ارسلان کی طرف سے مبینہ بدسلوکی پر احتجاج چل رہا ہے۔اس سلسلے میں اجلاس صدرتحصیل راولپنڈی طاہر وڑائچ کی زیر صدارت ہورہا تھا،اسی اثناء میں اسسٹنٹ کمشنر کینٹ صبیح الماس نے دو پٹواریوں ذیشان اور عامر کو کسی کام کیلئے بلایا۔دونوں کے فوری نہ پہنچنے پر اے سی کینٹ ناراض ہوگئے اور پٹواریوں کے پیش نہ ہونے پر ان کو معطل کرنے کی دھمکی دی جس میں سے عامر کو مبینہ طور پر ایک درخواست کے جواز میں معطل کردیا گیا۔ صورتحال کا علم طاہر وڑائچ صدر راولپنڈی کو ہوا تو وہ اے سی کینٹ کے پاس گئے اور بات تو تکار پہنچ گئی۔بعد میں طاہر وڑائچ کو اے سی صدر حاکم خان نے مس کنڈکٹ پر معطل کردیا۔ ذرائع کے مطابق اے سی کینٹ نےایف آئی آر کیلئے استغاثہ تیار کرادیا ہے۔اے سی کینٹ صبیح الماس سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ابھی ایف آئی درج نہیں ہوئی۔